بولی وڈ کے مشہور فلم ساز کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ اورکرینہ کپور سمیت کئی قریبی دوستوں اور اداکاروں کو ان فالو کر دیا ہے۔ ان کے اس قدم نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا تھا لیکن اب انہوں نے خود اس کی وجہ بتا دی ہے۔
کرن جوہر نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی اور اپنی حالیہ انسٹاگرام سرگرمی کے حوالے سے تمام افواہوں کو ختم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس پلیٹ فارم پر خرچ ہونے والے اپنے وقت اور توانائی کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسٹوری میں واضح کرتے ہوئے کرن نے لکھا کہ یہ ایک ڈیجیٹل ڈیٹوکس ہے۔ میں انسٹاگرام پر اپنا وقت اور توانائی کم کرنے کے لیے سب کو ان فالو کر رہا ہوں۔ خدا کے واسطے یہ کوئی قومی خبر نہیں ہو سکتی، براہ کرم خبروں کے لیے کسی اور چیز کا انتخاب کریں۔ یہ بالکل غیر اہم بات ہے۔

جمعرات کو انٹرنیٹ صارفین نے یہ بات محسوس کی کہ انسٹاگرام پر کرن جوہر کے فالوورز کی تعداد تو ایک کروڑ ستر لاکھ سے زیادہ ہے لیکن اب ان کی فالونگ لسٹ میں صرف 78 لوگ باقی رہ گئے ہیں۔
مداحوں نے فوراً اس بات پر غور کیا کہ فلم ساز نے کئی قریبی دوستوں اور بولی وڈ اداکاروں کو ان فالو کر دیا ہے جن میں شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور خان اور منیش ملہوترا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا، ملائکہ اروڑا اور اننیا پانڈے بھی اب ان کی فالونگ لسٹ میں نظر نہیں آ رہے۔
کرن نے اداکار کارتک آریان کو بھی ان فالو کر دیا ہے، حالانکہ کارتک ان کی آنے والی فلم ’ناگ زیلا‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ہیں۔
صارفین نے بعد میں یہ بھی دیکھا کہ کرن جوہر اب انسٹاگرام پر کسی بھی بولی وڈ اداکار کو فالو نہیں کر رہے۔ ان کی فہرست میں اب جو بڑے نام شامل ہیں ان میں دھرما کے سی ای او اپوروا مہتا اور ان کے کاروباری شراکت دار ادار پونا والا شامل ہیں اور یہ دونوں ان کے کام سے گہرے جڑے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کو فالو کر رہے ہیں۔
کرن جوہر طویل عرصے سے سوشل میڈیا پر بولی ووڈ کی سب سے متحرک شخصیات میں سے ایک رہے ہیں جو اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی، خاص طور پر اپنے بچوں یش اور روہی کے بارے میں مداحوں کو آگاہ رکھتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سال 2022 میں بھی کرن نے ایکس چھوڑ دیا تھا اور اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف مثبت توانائیوں کے لیے جگہ بنا رہے ہیں اور یہ اس سمت میں ان کا پہلا قدم ہے۔
وہ آن لائن تنقید اور ٹرولنگ کے حوالے سے کئی بار کھل کر بات کر چکے ہیں اور اس سے پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ کا بھی ذکر کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب اگر کرن جوہر کے کام کی بات کی جائے تو ان کی پروڈکشن میں بننے والی نئی فلم ’چاند میرا دل‘ حال ہی میں سینما گھروں کی زینت بنی ہے۔
لکشیا اور اننیا پانڈے کی اس فلم کو ملے جلے تبصرے ملے ہیں اور باکس آفس پر اس کی کارکردگی خاصی سست رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک یہ فلم بھارت میں بمشکل 20 کروڑ روپے ہی کما سکی ہے۔
























