پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اور منجھے ہوئے اداکار وسیم عباس نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈری اداکار فردوس جمال کے ایک سخت بیان نے نہ صرف تنازع کو جنم دیا بلکہ اس کے اثرات ان کے اپنے بیٹے کے کیریئر تک جا پہنچے۔

وسیم عباسں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں ماضی کے ایک متنازع معاملے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فردوس جمال کے بیٹے ایک نہایت باصلاحیت اور محنتی اداکار تھے، جن میں ایک بڑے اسٹار بننے کی بھرپور صلاحیت موجود تھی، مگران کے والد کے ایک بیان کی وجہ سے ان کے کیریئر کو شدید دھچکا لگا۔

وسیم عباس کے مطابق، ’یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ ایک سینئر اداکار کے غیر محتاط الفاظ کی قیمت ایک ابھرتے ہوئے فنکار کو چکانا پڑی۔ یہ اس کے ساتھ ناانصافی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ فردوس جمال بلاشبہ ایک عظیم اداکار ہیں اور ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ لیکن ان کا سخت مزاج اور غصہ کئی بار ان کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ بعض اوقات جذبات میں آ کر دیے گئے بیانات دور رس منفی اثرات چھوڑ جاتے ہیں۔ لیکن شاید فردوس جمال کو اس کا دراک نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 2019 میں ایک ٹی وی پروگرام کے دوران فردوس جمال نے صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان کے بارے میں متنازع ریمارکس دیے تھے، جن میں انہوں نے انہیں ”ماڈل ٹائپ“ اور ایک ”اوسط درجے کی اداکارہ“ قرار دیا۔

اس بیان کے بعد شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، اور متعدد شخصیات نے ماہرہ خان کی حمایت کی۔

وسیم عباس کا کہنا تھا کہ ممکن ہے یہ بیان پہلے آف کیمرہ کسی بحث یا چیلنج کا حصہ ہو، جسے بعد میں آن ایئر دہرا دیا گیا، تاہم ایسا کرنا ایک بڑی غلطی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف فنکاروں کے درمیان فاصلے بڑھاتے ہیں بلکہ ان کے اہلِ خانہ کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

ماہرہ خان کا دفاع کرتے ہوئے وسیم عباس نے کہا، ’وہ پاکستان کی بڑی ااسٹارز میں سے ایک ہیں۔ اگر ناظرین انہیں پسند کرتے ہیں تو یہی ان کی کامیابی کا ثبوت ہے اور جب تک لوگ انہیں ہیروئن کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں ہم انہیں نہیں روکنے کا حق نہیں رکھتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ فردوس جمال کا فنی کام اپنی جگہ بے مثال ہے، لیکن ان کے رویے اور تلخ کلامی نے ان کی شخصیت پر منفی اثر ڈالا، جس کا خمیازہ ان کے قریبی لوگوں کو بھی بھگتنا پڑا۔

واضح رہے کہ اس تنازع کے بعد فردوس جمال کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ خاص طور پر خواتین کی جانب سے اس بیان کے خلاف سخت ردعمل سامنے آیا۔

وسیم عباس کے مطابق، اسی عوامی ردعمل کی لپیٹ میں ان کے بیٹے کا کیریئر بھی آ گیا، جو ایک ہونہار اداکار کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔

More

Comments
1000 characters