پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں شدید سیکیورٹی خطرات اور ہراسگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جس کے بعد لوگوں پر اعتماد کرنا ان کے لیے مشکل ہو گیا۔

اپنی منفرد اداکاری سے سب کو متاثر کرنے والی اداکارہ نے ایک یوٹیوب انٹرویو میں اپنے ساتھ پیش آنے والے چند خوفناک واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔

کنزہ ہاشمی نےکہا کہ ان کے ساتھ کئی ایسے واقعات ہوئے ہیں جنہوں نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا تھا۔

ایسے ہی ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم ایک خاتون مداح ان کا غیر محسوس طریقے سے تعاقب کرتی تھی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس خاتون نے ان کے گھر کے ملازمین کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔

کنزہ کے مطابق گھر کے بعض ملازمین نے خفیہ طور پر ان کے گھر، ذاتی اشیاء اور روزمرہ استعمال کی چیزوں کی تصاویر لے کر اس شخص کو بھیجنا شروع کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ جب مجھے اس سارے معاملے کا علم ہوا تو میں ان کے موبائیل فون چیک کیے وہاں میری تمام تصاویر موجود تھیں۔

انہوں نے مزید کہا اس کی وجہ سے ہم سب ڈر گئے ہم نے ایکشن لینے کی کوشش کی لیکن بیرون ملک مقیم ہونے کی وجہ سے ہم ان کے خلاف کچھ نہ کرسکے۔


اداکارہ نے کہا کہ جب انہیں اس معاملے کا علم ہوا تو وہ شدید صدمے میں آ گئیں کیونکہ مذکورہ ملازمین کئی برسوں سے ان کے ساتھ کام کر رہے تھے اور ان کا اعتماد جیت چکے تھے۔

اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کنزہ ہاشمی نے کہا کہ وہ ملازمین گزشتہ سات سال سے میرے ساتھ تھے لیکن پھر بھی انہوں نے میرے گھر کی نجی تصاویر اس باہر بیٹھے شخص کو بھیجیں۔ انہوں نے میری چیزوں سے لے کر میری ادویات تک کی عجیب و غریب تصاویر اس شخص کو فراہم کیں۔ میں یہ سب دیکھ کر بالکل دنگ رہ گئی اور اس واقعے کے بعد سے میں اب کسی پر بھی بھروسہ نہیں کر پا رہی ہوں۔

بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اداکارہ کو ایک اور سرپھرے مداح کی جانب سے بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک شخص ان کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے ڈرامے کے سیٹ پر پہنچ گیا اور بات یہاں تک بڑھ گئی کہ وہ شخص ان کے گھر کی عمارت تک بھی پہنچ گیا۔ خوش قسمتی سے اسے اداکارہ کے اپارٹمنٹ کا نمبر معلوم نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ ان تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔

کنزہ ہاشمی کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے سیٹ پر موجود عملے کی مدد لینا پڑی تب کہیں جا کر اس مداح سے ان کی جان چھوٹی۔

اس قسم کے واقعات پر اپنی بے بسی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ایسے معاملات میں انسان شدید مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے کیونکہ آپ کچھ کر نہیں پاتے اور نہ ہی اس طرح کی چیزوں کے خلاف کوئی باقاعدہ یا سرکاری شکایت درج کروا پاتے ہیں۔

کنزہ ہاشمی کے اس انکشاف نے شوبز شخصیات کی نجی زندگی اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جہاں بظاہر نظر آنے والے وفادار ملازمین اور حد سے بڑھے ہوئے مداح فنکاروں کی ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا باعث بن جاتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters