چھپکلیاں کہیں سے بھی گھر میں آ سکتی ہیں لیکن کچھ پودے ایسے ہیں جن کی ٹھنڈک کی وجہ سے چھپکلیاں ان کے پاس ہی اپنا ڈیرہ جما لیتی ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں بھی یہ پودے موجود ہیں تو وہاں چھپکلیاں ضرور ہوں گی۔ تاہم کچھ آسان طریقے اپنا کر آپ پودوں کو ہٹائے بغیر چھپکلیوں کو بھگا سکتے ہیں۔
گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی گھروں میں چھپکلیاں نظر آنے لگتی ہیں۔ کچن ہو، باتھ روم یا کمرہ، یہ ہر جگہ گھومتی دکھائی دیتی ہیں۔ ویسے تو چھپکلی کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتی لیکن اسے دیکھ کر لوگ ڈر جاتے ہیں اور کراہیت آنے لگتی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر یہ کھانے پینے کی کسی چیز میں گر جائے یا منہ مار دے تو کھانا زہریلا بھی ہو سکتا ہے۔
بعض پودے اپنی ٹھنڈی، نم اور گھنی ساخت کی وجہ سے چھپکلیوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں۔
منی پلانٹ
پہلا پودا منی پلانٹ کا ہے۔ یہ پودا کافی گھنا ہوتا ہے اور اس کے پتے بھی بڑے ہوتے ہیں۔ اس پودے کی مٹی میں ہر وقت نمی یعنی گیلا پن رہتا ہے اور پتوں کے پاس ٹھنڈک بنی رہتی ہے۔ اسی ٹھنڈک اور نمی کی تلاش میں چھپکلیاں اکثر منی پلانٹ کے پاس بیٹھنا پسند کرتی ہیں۔ اگر یہ بیل اوپر کی طرف جا رہی ہو تو وہ وہاں چھپ کر بیٹھ جاتی ہیں۔
چنبیلی کا پودا
دوسرا پودا چنبیلی کا ہے۔ چنبیلی کا پودا ٹھنڈا ماحول فراہم کرتا ہے۔ اس کے پھول کی خوشبو بہت تیز ہوتی ہے اگر آپ کے گھر میں چنبیلی کا پودا ہے تو وہاں چھپکلی کے نظر آنے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے کیونکہ اس کی خوشبو اور ٹھنڈک چھپکلیوں کو بہت پسند ہوتی ہے۔
گیندے کا پودا
تیسرا پودا گیندے کا ہے۔ گیندے کے پھول کا پودا بھی عام طور پر زیادہ تر گھروں میں لگایا جاتا ہے۔ اس پودے کے پتے گھنے پوتے ہیں جس کی وجہ سے اس کے نیچے اچھی خاصی چھاؤں بن جاتی ہے۔ پھول کی مہک اور پتوں کی ٹھنڈک دیکھ کر چھپکلیاں یہاں اپنا گھر بنا لیتی ہیں۔
اگر آپ کے گھر میں یہ پودے ہیں تو آپ کو انہیں پھینکنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔ چند دیسی اور آسان طریقوں کی مدد سے چھپکلیاں پودوں سے دور بھاگ جائیں گی۔
پہلا طریقہ کافور کی گولیوں کا ہے۔ ان پودوں کے گملوں کے پاس کافور کی گولیاں رکھ دیں۔ کافور کی تیز بو چھپکلیوں کو بالکل پسند نہیں ہوتی اور وہ پودوں کے پاس نہیں آئیں گی۔
اسی طرح آدھا کٹا ہوا پیاز یا لہسن کی چند کلیاں گملوں کے قریب یا مٹی کے اوپر رکھنے سے بھی چھپکلیاں فورا دور بھاگتی ہیں کیونکہ ان کی بو چھپکلیوں کو پسند نہیں ہوتی۔
کھانوں میں استعمال ہونے والا تیزپات بھی ایک مؤثر گھریلو نسخہ مان جاتا ہے۔ اس کی تیز مہک چھپکلیوں کو پودوں اور گھر سے دور رکھنے میں مدد کرتی ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ پودوں کے آس پاس صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ ااگر پودوں کے اردگرد سوکھے پتے، جھاڑیاں یا کچرا جمع ہو جائے تو وہاں صرف چھپکلیاں ہی نہیں بلکہ دوسرے کیڑے مکوڑے بھی پناہ لے سکتے ہیں۔ اس لیے گملوں اور باغیچے کے اردگرد باقاعدگی سے صفائی رکھنا بہتر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر میں چھپکلیوں کی موجودگی کا اصل سبب اکثر مچھر، مکھیاں اور دوسرے چھوٹے کیڑے ہوتے ہیں، کیونکہ یہی ان کی خوراک ہیں۔ اگر گھر اور پودوں کے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور کیڑوں کی تعداد کم کی جائے تو چھپکلیوں کی آمد بھی کافی حد تک کم ہو سکتی ہے۔
























