بولی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا ان دنوں دہلی میں طلباء کے مظاہروں کی حمایت کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس معاملے پر اب ان کے والد اداکار شتروگھن سنہا نے خاموشی توڑتے ہوئے بی جے پی کے آئی ٹی سیل پر کڑی تنقید کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران شتروگھن سنہا سے جب یہ پوچھا گیا کہ سوناکشی کو دہلی کے مظاہروں کی حمایت کرنے پر نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے، تو انہوں نے اپنی بیٹی کا دفاع کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ یہ ٹرولنگ نیچرل نہیں بلکہ مصنوعی ہے۔
شتروگھن سنہا نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کے خلاف جو بھی شور شرابا کیا جا رہا ہے وہ سب پیسے دے کر کروایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا آئی ٹی سیل اور جو لوگ ان کی پالیسیوں کو مانتے ہیں، وہ یہ سب کروا رہے ہیں۔ یہ سب ٹرولنگ تیار شدہ ہے، انہیں جو لکھ کر دیا جاتا ہے وہ وہی بولتے ہیں اور انہیں خود بھی معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔
اس موقع پر شتروگھن سنہا نے اپنی بیٹی کی ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سوناکشی بہت مضبوط ہے اور اس نے بالکل درست کیا ہے کہ وہ ایسی فضول ٹرولنگ پر دھیان ہی نہیں دیتی۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سوناکشی کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا گیا ہو، اس سے قبل ظہیر اقبال کے ساتھ شادی کے موقع پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
حالیہ معاملے میں بھی ان کی جانب سے طلبہ کے احتجاج کی حمایت نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ تاہم سوناکشی نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ٹرولنگ پر توجہ نہیں دیتیں اور اپنی بات پُرامن انداز میں رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
شتروگھن سنہا سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا سوناکشی مستقبل میں سیاست میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں، تو انہوں نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میں ان سے یہ سوال پوچھ لیا کرتا تھا، لیکن اب میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ ایک قابل باپ کی سب سے قابل بیٹی ہے۔
سوناکشی کے سیاسی خیالات کے بارے میں انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کی رائے اکثر ان کی اپنی رائے سے بھی زیادہ مضبوط اور دو ٹوک ہوتی ہے۔
























