بولی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی فلم ’آوارپن 2‘ ان دنوں باکس آفس پر توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کر رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی تشہیر بڑے پیمانے پر نہیں ہوئی اور بعض جائزوں میں اس کی کہانی اور اداکاری پر بھی تنقید کی گئی، لیکن اس کے باوجود شائقین بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ’آوارپن 2‘ نے صرف چار دن میں دنیا بھر سے 130 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ جبکہ بھارت میں 109 کروڑ روپے کا مجموعی بزنس کیا۔ فلم نے پہلے پیر کو بھی اچھی کمائی کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی کامیابی صرف ابتدائی ویک اینڈ تک محدود نہیں رہی۔

اب سوال یہ ہے کہ آخر ایسی کیا بات ہے جو ناظرین کو اس فلم کی طرف کھینچ رہی ہے؟ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی بڑی وجہ عمران ہاشمی اور ان سے جڑی ایک پوری نسل کی جذباتی وابستگی ہے۔

عمران ہاشمی نے اپنے کیریئر میں ایسے رومانوی کردار ادا کیے جن میں محبت، ناکامی اور جذبات کو بہت شدت سے دکھایا گیا۔ 2000 کی دہائی میں ان کا یہ انداز نوجوانوں میں خاصا مقبول ہوا اور ’آوارپن‘ بھی اسی شناخت کا اہم حصہ بنی۔

فلم کے پروڈیوسر وشیش بھٹ نے بھی اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ابتدا میں اس فلم کو خریدنے والا کوئی نہیں مل رہا تھا، لیکن عمران ہاشمی کی موجودگی نے سب کچھ بدل دیا۔

فلم کے پرانے گانے ’تیرا میرا رشتہ‘ اور ’تو پھر آؤ‘ بھی فلم کی مقبولیت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جو ناظرین کو 2007 کے دور کی یاد دلا رہے ہیں۔

’آوارپن‘ میں عمران ہاشمی نے شیوَم پنڈت کا کردار ادا کیا تھا، جو محبت کے درد سے ٹوٹا ہوا شخص تھا۔ وہ اپنے دکھ سے بھاگنے کے بجائے اسے اپنی زندگی کا حصہ سمجھ کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی جذباتی انداز اس کردار کو ناظرین کے لیے یادگار بنانے میں اہم ثابت ہوا۔

تقریباً 19 سال بعد ’آوارپن 2‘ میں اسی کردار اور جذباتی دنیا کو دوبارہ پیش کیا گیا ہے۔ فلم نے کسی بہت بڑے نئے تجربے کے بجائے عمران ہاشمی کو اسی انداز میں پیش کیا جس سے ان کے پرانے مداح اچھی طرح واقف ہیں۔

فلم میں شبانہ اعظمی اور دیشا پٹانی سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں، لیکن کہانی کا سارا بوجھ اکیلے عمران ہاشمی نے اٹھایا ہوا ہے۔

’آوارپن 2‘ کی کامیابی کو صرف باکس آفس کے اعداد و شمار سے سمجھنا شاید کافی نہیں۔ جو نوجوان 2007 میں ’آوارپن‘ دیکھنے سینما گئے تھے، وہ آج ملازمت، خاندان اور دوسری ذمہ داریوں میں مصروف ہیں، لیکن عمران ہاشمی کے گانوں اور کرداروں سے جڑی ان کی پرانی یادیں اب بھی موجود ہیں۔ اس فلم نے انہیں اپنے ماضی میں واپس جانے کا ایک موقع دے دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ آوارپن 2‘ نے پہلے ہی دن بھارت میں ’آوارپن‘ کے مجموعی بزنس کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 2007 میں ریلیز ہونے والی ’آوارپن‘ نے اپنی پوری نمائش کے دوران بھارت میں تقریباً 7 کروڑ روپے نیٹ کمائے تھے، جبکہ ’آوارپن 2‘ نے پہلے دن تقریباً 22 کروڑ روپے نیٹ کمائے۔

عمران ہاشمی نے گزشتہ برس ’گراؤنڈ زیرو‘ اور رواں برس ’حق‘ جیسے مختلف نوعیت کے کردار بھی ادا کیے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی روایتی رومانوی شناخت سے باہر نکلنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم ’آوارپن 2‘ میں پرانے انداز کی واپسی پر ان کے مداحوں نے ایک بار پھر انہیں بھرپور پذیرائی دی۔

گزشتہ سال آریان خان کی نیٹ فلکس سیریز ’دی بی***ڈز آف بالی ووڈ‘ میں بھی عمران ہاشمی نے خود کا ایک کردار ادا کیا تھا، جہاں ان کی اسٹار امیج کو ایک دلچسپ جملے کے ذریعے بیان کیا گیا: ”آکھا بالی ووڈ ایک طرف، عمران ہاشمی ایک طرف۔“

عمران ہاشمی نے ایک موقع پر سینما میں اچانک پہنچ کر مداحوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ’آوارپن 2‘ اپنے مداحوں کی وجہ سے بنائی۔ موجودہ باکس آفس کامیابی کو اسی محبت کا جواب بھی سمجھا جا رہا ہے۔

یوں ’آوارپن 2‘ کی کامیابی صرف ایک فلم کی کامیابی نہیں بلکہ ایک اداکار اور اس کے مداحوں کے درمیان کئی برسوں سے قائم جذباتی تعلق کی کہانی بھی ہے۔

ناظرین شاید صرف نئی فلم دیکھنے نہیں پہنچ رہے بلکہ عمران ہاشمی کے ساتھ جڑی اپنی پرانی یادوں کو دوبارہ محسوس کرنے سینما جا رہے ہیں۔

More

Comments
1000 characters