پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی سفر کا آغاز اور پی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ’دھواں‘ سے شہرت پانے والی سینئر اداکارہ نازلی نصر نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

نازلی نصر نے حال ہی میں ایک پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی اور طلاق کے بعد سابق شوہر حسن سومرو کے ساتھ تعلقات کے بارے میں گفتگو کی۔

جب نازلی نصر سے ان کے سابقہ تعلق اور پچھتاوے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بہت خوبصورت انداز میں جواب دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میری شادی 16 سال تک قائم رہی تھی، لیکن سچ یہ ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج بھی میرے اپنے سابق شوہر کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں کیونکہ ہمارے بچے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے سابق شوہر کے خاندان کے ساتھ بھی میرے اچھے تعلقات ہیں اور میرے شوہر محسن مرزا بھی ان سے جڑے ہوئے ہیں۔

نازلی نصر نے مزید کہا کہ، ’ہم سب دوستوں کی طرح ہیں اور جب بھی ہمارے بچوں کو ضرورت ہوتی ہے ہم ایک دوسرے سے بات کرتے ہیں۔ ہمارے اندر ایک دوسرے سے کسی قسم کی نفرت نہیں ہے کیونکہ شادی کے بعد بچوں کی وجہ سے وہ رشتہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ’میں نہیں چاہتی تھی کہ ہماری طلاق کا اثر بچوں پر پڑے۔ میں، حسن، ان کی اہلیہ اور میرے شوہر سب بچوں کی خاطر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ نازلی نصر نے اپنے شوبز کیریئر میں کئی یادگار ڈراموں میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ”فراڈ“، ”پیا من بھائے“، ”خوشبو میں بسے خط“ اور ”ٹوٹا ہوا دل“ جیسے مقبول ڈرامے شامل ہیں۔

ذاتی زندگی کی بات کی جائے تو نازلی نصر کی پہلی شادی سابق اداکار حسن سومرو کے ساتھ ہوئی تھی جو 16 سال بعد ختم ہو گئی۔ اس کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن کے ہدایت کار محسن مرزا سے دوسری شادی کی اور اب وہ اپنی ازدواجی زندگی میں بہت خوش ہیں۔

More

Comments
1000 characters