دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والی یوٹیوب ویڈیو ’بے بی شارک ڈانس‘ سے شہرت حاصل کرنے والا چائلڈ اسٹار پارک جیونرونگ ایک دہائی بعد موسیقی کی دنیا میں واپس آگیا ہے، 7 سال کی عمر میں ’بے بی شارک‘ ویڈیو میں نظر آنے والا پارک اب ’بے بی شارک بوائے‘ کے نام سے بطور کورین پاپ (کے پاپ) گلوکار اپنے کیریئر کا آغاز کر رہا ہے۔

’بے بی شارک ڈانس‘ ویڈیو سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے جنوبی کوریائی چائلڈ اسٹار پارک جیونرونگ نے اپنا پہلا کے پاپ ڈیجیٹل سنگل ’WAVE‘ جاری کردیا۔

پارک جیونرونگ نے 7 سال کی عمر میں ’بے بی شارک ڈانس‘ ویڈیو میں اداکاری کی تھی، جو بعد ازاں یوٹیوب کی تاریخ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بن گئی۔

پارک اب ’بے بی شارک بوائے‘ کے نام سے اپنا سولو کے پاپ ڈیبیو کر رہا ہے اور اس کی موسیقی کے پراجیکٹ کو پنک فونگ کمپنی کی حمایت حاصل ہے، جو ’بیبی شارک‘ کے کاپی رائٹ کی مالک ہے۔

پارک جیونرونگ نے کہا کہ ’بے بی شارک ڈانس‘ نے دنیا بھر کے لوگوں میں خوشی پیدا کی اور وہ شکر گزار ہیں کہ لوگ ایک دہائی گزرنے کے باوجود انہیں یاد رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق یہی بات انہیں دوبارہ موسیقی کے ذریعے لوگوں سے جڑنے کی طرف لے گئی۔

’بے بی شارک‘ گانا 2016 میں جاری کیا گیا تھا اور اس کی ویڈیو اب تک 17.2 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھی جاچکی ہے۔ گانے اور اس سے جڑی ڈانس ویڈیو نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی جب کہ اس کی پیروڈی بھی کی گئی اور ڈانس کا رجحان بھی سامنے آیا۔

’بے بی شارک‘ کو وائٹ ہاؤس میں بھی چلایا جاچکا ہے جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور دیگر معروف شخصیات بھی اس گانے کا ذکر کرچکی ہیں۔

ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے کے بعد پارک جیونرونگ پنک فونگ کے دیگر شوز میں بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کا نیا ڈیجیٹل سنگل ’WAVE‘ ابتدائی طور پر ’بے بی شارک‘ کی معروف دھن سے شروع ہوتا ہے تاہم بعد میں گانا الیکٹرو پاپ انداز اختیار کرلیتا ہے۔ پارک نے اس گانے کے بول لکھنے میں بھی حصہ لیا ہے۔

More

Comments
1000 characters