90 کی دہائی کی سینئر ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے اپنے شوہر عمران کی پہلی شادی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے اور تمام باتوں کو سچائی کے ساتھ سب کے سامنے رکھا ہے۔
جیا علی کی شادی 2021 میں عمران سے ہوئی تھی ۔ انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ جب ان کی شادی ہوئی تھی تو وہ اس بات کو پہلے ہی دن سے جانتی تھیں کہ عمران کی یہ دوسری شادی ہے۔ انہوں نے عمران کے ماضی کو قبول کرتے ہوئے ان کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
جیا علی نے بتایا کہ ان کے شوہر کی پہلی شادی بہت کم عمری یعنی 22 سال کی عمر میں ہانگ کانگ میں رہنے والی ایک چینی خاتون سے ہوئی تھی اور ان دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران اور ان کی پہلی بیوی کے راستے طلاق کے بعد الگ ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود دونوں کے درمیان عزت کا رشتہ قائم ہے اور وہ دونوں مل کر اپنی بیٹیوں کی اچھی پرورش کر رہے ہیں جن کی عمریں اب اٹھارہ اور بیس سال ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں یہ سب باتیں پہلے ہی دن سے معلوم تھیں اور انہوں نے عمران سے اس وقت شادی کی جب ان کی پہلی طلاق کو پورے دس سال گزر چکے تھے۔
جیا نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کو دیکھ کر اندازہ لگایا کہ وہ ایک اچھے باپ ہیں اور جو انسان اپنے بچوں کا اتنا اچھا خیال رکھتا ہے وہ ایک اچھا شوہر بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
جیا نے اپنی سوتیلی بیٹیوں کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران کی سابقہ اہلیہ کے ساتھ ذاتی طور پر کوئی قریبی تعلق نہیں رکھا ہے اور نہ ہی رکھنا چاہیے، تاہم ان کی دونوں بیٹیوں کے ساتھ اچھی قربت ہے۔
























