فلمی دنیا کی چکاچوند روشنیوں کے پیچھے اکثر ایسی کہی ان کہی داستانیں چھپی ہوتی ہیں جو انسان کو اندر سے ہلا کر رکھ دیتی ہیں۔ بولی ووڈ کی ایک ایسی ہی گمنام اداکارہ سعیدہ خان کی زندگی تھی، جن کا فلمی سفر جتنی تیزی سے عروج پر پہنچا، ان کی ذاتی زندگی اتنی ہی ہولناک اور المناک انجام سے دوچار ہوئی۔

سعیدہ خان نے کم عمری میں ہی شوبز کی دنیا میں قدم رکھا۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے تقریباً 11 برس کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کیا تھا۔

معروف فلم پروڈیوسر ایچ ایس رویل کی نظر جب ایک پارٹی میں ان پر پڑی تو انہوں نے پہلی ہی ملاقات میں سعیدہ کو اپنی فلم کے لیے کاسٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یوں انہوں نے سال 1961 کی فلم ’کانچ کی گڑیا‘ سے منوج کمار کے مقابل مرکزی کردار ادا کرکے شاندار آغاز کیا۔

کم عمر اداکارہ کے طور پر فلمی دنیا میں ان کی آمد کو پسند کیا گیا اور آنے والے برسوں میں انہیں مزید فلموں میں کام کرنے کے مواقع ملے۔

اس کے بعد انہوں نے لیجنڈری اداکار و گلوکار کشور کمار کے ساتھ ’اپنا ہاتھ جگن ناتھ‘ سمیت کئی نامور فلموں جیسے ’ماڈرن گرل‘، ’وانٹڈ‘، ’کنیادان‘ اور ’واسنا‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تاہم فلمی دنیا میں کامیابی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی۔ وقت کے ساتھ سعیدہ خان کو پہلے جیسے مرکزی کردار ملنا کم ہوگئے اور انہیں معاون کرداروں تک محدود ہونا پڑا۔ 1960 کی دہائی کے آخری برسوں تک ان کا فلمی کیریئر بھی آہستہ آہستہ ختم ہونے لگا۔

اسی دوران ان کی زندگی میں فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار برج سدانا داخل ہوئے۔ دونوں نے شادی کرلی، جس کے بعد سعیدہ خان نے فلمی دنیا سے مکمل طور پر دوری اختیار کرلی۔ شادی کے بعد وہ اپنے خاندان اور بچوں کی زندگی میں مصروف ہوگئیں۔

سعیدہ خان نے شادی کے بعد اپنا مذہب تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اسلام ترک کرکے ہندو مذہب اختیار کیا اور بعد میں ’سدھا سدانا‘ کے نام سے جانی گئیں۔ ان کے ہاں دو بچے، بیٹی نمرتا اور بیٹا کمل پیدا ہوئے۔

اگرچہ باہر سے یہ جوڑا ایک پرسکون زندگی گزارتا دکھائی دیتا تھا، لیکن ان کی ازدواجی زندگی کے بارے میں بعد میں سامنے آنے والی معلومات ایک مختلف تصویر پیش کرتی ہیں۔ اندرونی طور پر ان کی ازدواجی زندگی شدید بدگمانیوں اور تلخیوں کا شکار تھی۔ شوہر برج سدانا اپنی اہلیہ پر شدید شک کیا کرتے تھے۔

یہ خاندانی کشیدگی اس وقت اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچی جب بیٹے کمل کی بیسویں سالگرہ کی تقریبات جاری تھیں۔ غصے اور ذہنی توازن کھو بیٹھنے کی حالت میں برج سدانا نے اپنے ہی گھر میں فائرنگ کرکے اپنی بیوی سعیدہ خان (سدھا) اور بیٹی نمرتا کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

اس واقعے میں خاندان کا بیٹا کمل بھی موجود تھا اور اس نے اپنے گھر کے اندر پیش آنے والے اس خوفناک سانحے کا صدمہ برداشت کیا۔

اس لرزہ خیز سانحے کو انجام دینے کے بعد سفاک شوہر نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ یوں ایک ہی خاندان کے کئی افراد ایک انتہائی افسوسناک واقعے کا شکار ہوگئے۔

سعیدہ خان کی زندگی کا یہ سفر اس لحاظ سے بھی غیر معمولی رہا کہ ایک طرف انہوں نے بچپن میں فلمی دنیا میں قدم رکھا، کامیاب اداکاراؤں میں شمار ہوئیں اور کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا، جبکہ دوسری طرف فلمی کیریئر ختم ہونے کے بعد ان کی زندگی ایک ایسے خاندانی سانحے سے دوچار ہوئی جس نے ان کی پوری داستان کو المیہ بنا دیا۔

More

Comments
1000 characters