کپڑے دھوتے وقت اکثر ایک کپڑے کا رنگ دوسرے کپڑے پر لگ جاتا ہے، خاص طور پر جب سفید یا ہلکے رنگ کے کپڑے گہرے رنگ کے کپڑوں کے ساتھ دھو دیے جائیں۔ بعض اوقات جلدی میں رنگین کپڑوں کو ایک ساتھ بھگونے سے بھی یہ مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے۔ اگر آپ کے کسی پسندیدہ لباس پر دوسرے کپڑے کا رنگ چڑھ گیا ہے تو اسے فوراً پھینکنے کے بجائے چند آسان گھریلو طریقے آزمائے جاسکتے ہیں۔
کپڑوں پر لگا ہوا رنگ جتنی دیر تک رہے گا اسے نکالنا اتنا ہی مشکل ہوسکتا ہے۔ اسی لیے رنگ لگنے کے فوراً بعد کپڑے کو الگ کرنا بہتر ہے تاکہ رنگ مزید نہ پھیلے۔
اس کے علاوہ گرم پانی کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ گرمی کی وجہ سے رنگ کپڑے کے ریشوں میں اور زیادہ پکا ہو جاتا ہے۔ کپڑے کو ہمیشہ پہلے ٹھنڈے پانی سے اچھی طرح دھو لیں۔
سفید سرکہ کام آسکتا ہے
سفید سرکہ داغ ہٹانے کے لیے انتہائی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ ایک برتن میں ٹھنڈا پانی لے کر اس میں دو سے تین چمچ سفید سرکہ ملائیں اور داغ والے کپڑے کو اس محلول میں دس سے پندره منٹ کے لیے بھگو دیں۔ اس کے بعد اسے ہلکے ہاتھوں سے ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ سرکہ کپڑے پر چڑھے ہوئے رنگ کو کاٹنے اور ڈھیلا کرنے میں مدد کرتا ہے۔
اگر داغ مکمل طور پر ختم نہ ہو تو کپڑے کی قسم اور رنگ کو دیکھتے ہوئے عمل دہرایا جاسکتا ہے۔ تاہم کسی بھی محلول کو پورے کپڑے پر استعمال کرنے سے پہلے چھپی ہوئی جگہ پر تھوڑی مقدار لگا کر ضرور دیکھیں تاکہ کپڑے کا اصل رنگ متاثر نہ ہو۔
بیکنگ سوڈا اور ڈش واشنگ لیکویڈ بھی آزمائیں
دوسرا آسان طریقہ بیکنگ سوڈا اور برتن دھونے والے لیکویڈ کا استعمال ہے۔ تھوڑا سا بیکنگ سوڈا لے کر اس میں ڈش واشنگ لیکویڈ مکس کریں اور ایک گاڑھا پیسٹ تیار کر لیں۔ اس پیسٹ کو داغ پر لگا کر پانچ سے دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ یہ طریقہ سفید اور ہلکے رنگ کے لباس پر بہترین نتائج دیتا ہے۔ رگڑتے وقت بہت زیادہ زور نہ لگائیں کیونکہ نازک کپڑے کے ریشے خراب ہوسکتے ہیں۔
یہ طریقہ خاص طور پر ایسے کپڑوں میں آزمایا جاسکتا ہے جن پر ہلکے یا معمولی نوعیت کے رنگ کے داغ ہوں۔ ریشم، اون یا بہت نازک کپڑوں پر کوئی بھی گھریلو نسخہ استعمال کرنے سے پہلے زیادہ احتیاط ضروری ہے۔
نمک ملے پانی سے داغ ہلکا کریں
تیسرا اور روایتی طریقہ نمکین پانی کا ہے۔ جسے کپڑوں سے رنگ کے داغ کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں 2کھانے کے چمچ نمک اچھی طرح گھول لیں اور داغ والے کپڑے کو اس میں 10 منٹ کے لیے بھگو دیں۔ نمک نہ صرف رنگ کو پھیلنے سے روکتا ہے بلکہ داغ کو ہلکا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کپڑے دھوتے وقت ان باتوں کا خیال رکھیں
کپڑوں پر رنگ چڑھنے سے بچنے کے لیے سفید، ہلکے اور گہرے رنگ کے کپڑوں کو الگ الگ دھونا بہتر ہے۔ خاص طور پر نئے خریدے گئے گہرے رنگ کے کپڑے پہلی چند دھلائیوں میں رنگ چھوڑ سکتے ہیں، اس لیے انہیں سفید کپڑوں کے ساتھ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اگر کسی کپڑے پر غلطی سے رنگ لگ جائے تو اسے گرم پانی میں ڈالنے کے بجائے پہلے ٹھنڈے پانی سے دھونا بہتر ہے۔ اسی طرح داغ مکمل طور پر ختم ہونے سے پہلے کپڑے کو تیز دھوپ یا ڈرائر کی شدید گرمی میں خشک کرنے سے بھی گریز کریں، کیونکہ گرمی بعض داغوں کو مزید نمایاں یا مستقل بنا سکتی ہے۔
ایک اہم احتیاط یہ بھی ہے کہ سرکہ، بلیچ یا مختلف صفائی کے کیمیکلز کو آپس میں ملا کر استعمال نہ کریں۔ خاص طور پر کلورین بلیچ کو سرکے یا دوسرے تیزابی مادوں کے ساتھ ملانا خطرناک ہوسکتا ہے۔
گھریلو طریقے بعض تازہ اور ہلکے داغوں میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، لیکن ہر کپڑے اور ہر قسم کے رنگ پر ایک ہی نسخہ کام نہیں کرتا۔ مہنگے، نازک یا خاص کپڑے کے معاملے میں کپڑے کے لیبل پر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا یا ڈرائی کلینر سے رجوع کرنا زیادہ محفوظ انتخاب ہے۔
























