چینی ہر گھر کی ضرورت ہے لیکن جیسے ہی چینی کا ڈبہ کھلا رہ جائے تو اس میں چیونٹیاں فورا آ جاتی ہیں۔ بہت سی خواتین یہ سوچتی ہیں کہ چیونٹیاں پڑ جانے کے بعد چینی کو پھینکنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچتا، لیکن کچھ بہت ہی آسان گھریلو طریقوں سے نہ صرف چینی سے چیونٹیاں نکالی جا سکتی ہیں بلکہ انہیں دوبارہ آنے سے بھی روکا جا سکتا ہے۔
اگر چینی میں چیونٹیاں چلی جائیں تو اس کا ایک بہت آسان طریقہ یہ ہے کہ چینی کو کسی صاف ٹرے میں پھیلا کر کچھ دیر کے لیے تیز دھوپ میں رکھ دیا جائے۔ دھوپ کی گرمی سے چیونٹیاں خود بخود وہاں سے بھاگ جاتی ہیں اور چینی بالکل صاف ہو جاتی ہے۔
اس کے علاوہ باورچی خانے میں موجود کچھ عام چیزوں کی مدد سے بھی چیونٹیوں کو چینی کے ڈبے سے دور رکھا جا سکتا ہے کیونکہ ان چیزوں کی تیز خوشبو چیونٹیوں کو بالکل پسند نہیں ہوتی۔
تیز پات سے چیونٹیوں کو دور رکھیں
تیز پات یعنی ہربل پتے چینی کے ڈبے میں یا اس کے اردگرد رکھنے سے چیونٹیاں قریب نہیں آتیں کیونکہ ان کی تیز خوشبو چیونٹیوں کو بھگانے میں مدد دیتی ہے۔
لونگ کی خوشبو بھی کام آسکتی ہے
لونگ کی تیز مہک بھی چیونٹیوں کو ناپسند ہے، لہذا لونگ بھی چیونٹیوں کو دور رکھنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے۔ چینی کے ڈبے میں چند لونگ رکھنے سے اس کی تیز خوشبو چیونٹیوں کو وہاں آنے سے روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔
ثابت لال مرچ سے چیونٹیوں کو بھگائیں
چند ثابت خشک لال مرچیں چینی کے ڈبے کے قریب یا اس الماری میں رکھی جا سکتی ہیں جہاں چینی محفوظ کی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مرچ کی تیز بو چیونٹیوں کو دور رکھنے میں مدد کر سکتی ہے۔
لیموں کے ٹکڑے چینی کے قریب رکھیں
لیموں بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ چینی کے ڈبے کے قریب لیموں کے چند ٹکڑے رکھنے سے اس کی کھٹی اور تیز خوشبو چیونٹیوں کو دور رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ تمام آسان گھریلو ٹوٹکے چینی کو صاف، تازہ اور استعمال کے قابل رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ چینی کو صاف، خشک اور اچھی طرح بند ڈبے میں رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ چیونٹیوں کے دوبارہ آنے کے امکانات کم ہوں۔
























