امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے تیزی سے کم ہوتے وزن کا راز بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزن کم کرنے کے لیے پروٹین سے بھرپور غذائیں اور ساورکراوٹ استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے یہ غذائی نظام امریکی وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر سے مشورے کے بعد اپنایا۔

اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق جے ڈی وینس نے بتایا کہ وہ مسیحی مذہبی عرصے ’’لینٹ‘‘ کے آغاز سے اس غذائی نظام پر عمل کر رہے ہیں، جس کا مقصد اپنی زندگی میں ’’ضبطِ نفس‘‘ پیدا کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی نائب صدر نے کہا کہ روزے نے انہیں اپنی بعض عادات ترک کرنے پر غور کرنے پر مجبور کیا، جن میں چینی کا استعمال اور سوشل میڈیا بھی شامل ہے۔

جے ڈی وینس نے بتایا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے کہا تھا کہ وہ چینی اور سوشل میڈیا چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے امریکی وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر سے مشورہ کیا، جنہوں نے انہیں ’’وائٹل‘‘ ڈائٹ کے بارے میں بتایا۔

نائب صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پروٹین سے بھرپور بہت سی غذائیں کھاتے ہیں اور کافی مقدار میں ساورکراوٹ بھی استعمال کرتے ہیں۔

2024 میں جے ڈی وینس نے انکشاف کیا تھا کہ 2022 میں سینیٹ کی نشست جیتنے کے بعد اگلے دو برس کے دوران ان کا وزن تقریباً 13.6 کلوگرام کم ہوا۔

انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ وزن میں یہ کمی اپنی غذائی عادات بہتر بنانے کے نتیجے میں ہوئی، جبکہ انہوں نے وزن کم کرنے والی کسی دوا کے استعمال کی تردید کی تھی۔

گزشتہ اپریل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایسٹر کے موقع پر ایک ظہرانے کے دوران جے ڈی وینس کے وزن میں کمی پر تبصرہ کیا تھا۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ جے ڈی کہاں ہے؟ اس کا وزن کم ہوگیا ہے، وہ کچھ دبلا ہوگیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ ایک بھاری بھرکم شخص کو تلاش کر رہے تھے، لیکن اب انہیں ایک ’’مثالی ماڈل‘‘ نظر آیا۔

’وائٹل ڈائٹ‘ کیا ہے؟

’’ساورکراوٹ ڈائٹ‘‘ کو ’’وائٹل ڈائٹ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس غذائی نظام میں آنتوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے خمیر شدہ غذاؤں، جیسے ساورکراوٹ اور کمچی کے استعمال کی ترغیب دی جاتی ہے، جبکہ گھاس پر پالے گئے جانوروں کا گوشت بھی اس کا حصہ ہے۔

اس ڈائٹ پر عمل کرنے والے افراد انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں سے پرہیز کرتے ہیں۔ اس کا مقصد پیٹ کی اضافی چربی کم کرنا اور جسم میں سوزش کی سطح کو گھٹانا بتایا جاتا ہے۔

More

Comments
1000 characters