پاکستانی اداکار سہیل سمیر نے اپنی شارٹ فلم ’دوسری عورت‘ کے ایک متنازع سین کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور اس پر کی جانے والی شدید تنقید کے بعد معذرت کر لی ہے۔
سہیل سمیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں جنہیں اس وائرل کلپ کی وجہ سے دکھ، تکلیف یا مایوسی ہوئی۔
اداکار نے وضاحت کی کہ یہ منظر پروڈکشن کا حصہ تھا اوراس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کا کوئی کام اس طرح زیرِ بحث آسکتا ہے۔
اپنی پوسٹ میں سہیل سمیر نے لکھا کہ آج جب یہ کلپ وائرل ہوا تو انہیں احساس ہوا کہ ان کے گھر میں بھی ماں، بہنیں اور بیٹیاں ہیں، اور انہوں نے سوچا کہ اگر ایسا مواد ان کے خاندان کے کسی فرد سے متعلق سامنے آتا تو انہیں کیسا محسوس ہوتا۔
انہوں نے اپنے ماضی کے اس کام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا مواد نہیں کرنا چاہیے تھا، چاہے حالات یا وجوہات کچھ بھی رہی ہوں۔ اداکار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ عزت بنانے میں برسوں لگتے ہیں، لیکن اسے ختم ہونے میں ایک لمحہ لگ سکتا ہے۔
سہیل سمیر نے مزید کہا کہ وہ اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہیں اور دل سے شرمندہ ہیں۔ انہوں نے مداحوں اور ناظرین سے درخواست کی کہ انہیں صرف ایک غلطی کی بنیاد پر نہ پرکھا جائے بلکہ ایک ایسے انسان کے طور پر دیکھا جائے جو اپنی غلطیوں سے سیکھ چکا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سہیل سمیر کی شارٹ فلم ’دوسری عورت‘ کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں اداکار کو اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ قریبی مناظر میں دکھایا گیا تھا۔ اس منظر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں، جہاں کچھ افراد نے اسے کہانی کا حصہ قرار دیا، وہیں کئی صارفین نے پاکستانی تفریحی مواد میں ایسے مناظر پر اعتراض بھی کیا تھا۔
فلم ’دوسری عورت‘ ایک کرائم تھرلر مختصر فلم ہے جسے اورینٹل انٹرٹینمنٹ نے پیش کیا تھا۔ فلم کی ہدایت کاری کرم ریاض نے کی جبکہ اسے راؤ قربان علی نے تحریر کیا۔
























