پاکستان کی جانی مانی اور سینئر ٹیلی ویژن اداکارہ فریال گوہر نے معروف اداکار جمال شاہ کے ساتھ اپنی پہلی شادی کے حوالے سے انتہائی دردناک انکشافات کیے ہیں۔ دونوں کی یہ شادی 9 سال تک رہی تھی جو بعد میں ختم ہو گئی تھی۔

حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کے دوران فریال گوہر نے اپنی زندگی کے اس تاریک اور مشکل دور پر کھل کر بات کی اور ازدواجی زندگی میں تشدد اور معاشرتی دباؤ جیسے اہم مسائل کو اجاگر کیا۔

فریال گوہر نے بتایا کہ جب ان کی شادی ہوئی تو ان کی عمر صرف 23 سال تھی اور یہ ان کی اپنی پسند کی شادی تھی۔ ان کے خاندان کو اس رشتے پر اس لیے اعتراض نہیں تھا کیونکہ ان کے شوہر کا تعلق ایک سید گھرانے سے تھا۔

تاہم، بعد میں حالات اس نہج پر پہنچ گئے کہ ان کے گھروالوں کو یہ کہنا پڑا کہ کیا واقعی ان کا تعلق کسی سید گھرانے سے ہے، کیونکہ وہ فریال پر ہاتھ اٹھاتے تھے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سب اس لیے برداشت کیا کیونکہ یہ ان کی محبت کی شادی تھی اور واقعی محبت اندھی ہوتی ہے۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد ان پر جو ظلم ڈھائے گئے، انہیں لفظوں میں بیان کرنا انتہائی مشکل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ، ’مجھے چمڑے کے بیلٹوں سے مارا جاتا تھا اور تشدد کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ان کے کئی بار حمل ضائع ہوئے۔ مار پیٹ کی وجہ سے میرے گردوں میں شدید درد رہتا تھا اور اس کے باعث آپریشنز بھی ہوئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض اوقات چہرے پر نیل پڑجانے کی وجہ سے اورشدید زخموں اور چوٹوں کی وجہ سے وہ اپنی کلاسز تک چھوڑ دیتی تھیں اور انہیں اپنے جسم کے نشانات چھپانے پڑتے تھے۔

فریال گوہر کے مطابق، ان کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ بات صرف جسمانی تشدد نہیں بلکہ وہ معاشرتی اور روایتی سوچ بھی تھی جس میں انہیں جکڑ دیا گیا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کی بالکل اجازت نہیں تھی۔ وہ پیدل واک کے لیے بھی نہیں جا سکتی تھیں۔ اگر کہیں سفر کرنا ہوتا تو انہیں رکشے میں بھی پردے کے اندر بٹھایا جاتا اور رکشے کو مکمل طور پر ڈھانپ دیا جاتا تاکہ کوئی انہیں دیکھ نہ سکے۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے فریال گوہر نے معاشرے کی ایک تلخ حقیقت بیان کی کہ پاکستان میں 80 فیصد خواتین ازدواجی زندگی میں گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔ یہ مسئلہ صرف عام خواتین تک محدود نہیں بلکہ پڑھی لکھی اور خودمختار خواتین بھی اس کا سامنا کرتی ہیں، جس کی وہ خود ایک جیتی جاگتی مثال ہیں۔

خواتین کو قیمتی مشورہ دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ، ’عورت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ وہ اس تذلیل اور برے سلوک سے بہتر زندگی کی مستحق ہے، اس لیے مشکل حالات سے باہر نکلنا بہت ضروری ہے۔‘

آخر میں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکوں اور مردوں کی تربیت کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ وہ عورت کی عزت کرنا سیکھیں۔

More

Comments
1000 characters