فلم ساز اور ہدایت کار پریا درشن نے انکشاف کیا ہے کہ کامیڈی فلموں کی وجہ سے انہیں ایک ایسی پہچان مل گئی جس سے نکلنا ان کے لیے آسان نہیں رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کئی کامیاب کامیڈی فلمیں بنانے والے پریا درشن کا کہنا ہے کہ انہیں کامیڈی فلموں کی ہدایت کاری کرنا بالکل پسند نہیں۔

پریا درشن نے بولی ووڈ میں کئی موضوعات پر فلمیں بنائی ہیں لیکن انہیں اصل شناخت ہیرا پھیری، ہلچل، بھُول بھلیاں اور گرم مصالحہ جیسی کامیڈی فلموں سے ملی ہے، جنہیں آج بھی لوگ بہت پسند کرتے ہیں، لیکن اب وہ کچھ الگ کرنا چاہتے ہیں۔

پریا درشن نے ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے اپنے فلمی سفر کی شروعات سنجیدہ فلمیں بنا کر کی تھی، لیکن ہیرا پھیری فلم نے میری زندگی مشکل بنا دی۔ اس کے بعد صرف کامیڈی، کامیڈی اور کامیڈی ہی رہ گئی۔ سچ کہوں تو مجھے کامیڈی فلمیں ڈائریکٹ کرنا بالکل اچھا نہیں لگتا۔

پریادرشن نے یہ بھی بتایا کہ وہ زبردستی کے لطیفے یا مسخرہ پن پر یقین نہیں رکھتے۔ وہ صرف حالات سے پیدا ہونے والے مزاح پر دھیان دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی فلموں میں کردار بالکل سنجیدہ ہوتے ہیں لیکن ان کے ساتھ جو حالات پیش آتے ہیں، انہیں دیکھ کر لوگوں کو ہنسی آ جاتی ہے۔ وہ نہیں چاہتے کہ اداکار منہ بنا کر لوگوں کو ہنسائیں۔

21 سال کے عرصے میں پریادرشن نے 20 ہندی فلمیں بنائیں جن میں سے 16 فلمیں کامیڈی تھیں۔ اب وہ ایک بار پھر سنجیدہ کہانیوں کی طرف واپس آ رہے ہیں اور ان کی آنے والی فلم ’حیوان‘ ایک نفسیاتی تھرلر ہے جو 11 ستمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں سیف علی خان ایک نابالغ یا نابینا شخص کا کردار نبھا رہے ہیں جبکہ اکشے کمار قاتل کے روپ میں نظر آئیں گے۔

فلم حیوان میں اکشے کمار اور سیف علی خان کے علاوہ بومن ایرانی، شریہ پلگونکر، سایامی کھیر، راجپال یادو اور کئی دیگر اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ اس فلم میں معروف اداکار موہن لال کا ایک مختصر سا کردار بھی ہوگا اور یہ لیجنڈری اداکار اسرانی کی آخری فلم ہوگی جو پردہ اسکرین پر دکھائی دے گی۔

More

Comments
1000 characters