سینئر اور ورسٹائل پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے طویل عرصے کے بعد بھی اپنے نام کے ساتھ سرنیم ’انصاری‘ نہ ہٹانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو کنفیوژ کرنا نہیں چاہتی ہیں۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ایک انٹرویو میں اپنے طویل فنی سفر، ذاتی زندگی اور کیریئر کے ابتدائی دنوں سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
انٹرویو کے آغاز میں جب میزبان نے انہیں ’بشریٰ بشیر‘ کے نام سے متعارف کروایا تو اداکارہ نے فوراً وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ انہیں بشریٰ انصاری کے نام سے جانتے ہیں، اگرچہ سرکاری کاغذات میں ان کا نام بشریٰ بشیر درج ہے۔
نام نہ ہٹانے کی وجہ بتاتے ہوئے بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہیں اکثر لوگ یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے نام سے ’انصاری‘ ہٹا دیں، لیکن وہ اس نام کو برقرار رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ ان کے نزدیک ایسا کرنے سے ان کے مداح اور جاننے والے مزید الجھن کا شکار ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ صبا حمید کے نام کے ساتھ بھی ماضی میں ایسا مسئلہ رہا اور لوگ انہیں کافی عرصے تک صبا پرویز کہتے رہے۔
اداکارہ نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ان کی دونوں بیٹیاں بھی اپنے نام کے ساتھ انصاری لکھتی ہیں اور ان کے سابق شوہر کو بھی اس بات پر کوئی اعتراض نہیں، تو پھردوسروں کو اس بات پر پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ نام صرف ایک شناخت نہیں بلکہ کئی دہائیوں سے لوگوں کے ذہنوں میں بننے والی پہچان بھی ہوتا ہے، اس لیے وہ اچانک اپنا معروف نام تبدیل کرکے لوگوں کو حیران یا پریشان نہیں کرنا چاہتیں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی ہدایتکار اقبال انصاری سے ہوئی تھی۔ اس شادی سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ بشریٰ انصاری اور اقبال انصاری کی ازدواجی زندگی تقریباً 36 سال تک قائم رہی، تاہم طویل رفاقت کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
بشریٰ انصاری کا شمار پاکستان کی ان سینئر اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں تک ٹیلی ویژن اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ناظرین کو محظوظ کیا۔ ان کا مزاحیہ اور سنجیدہ دونوں طرح کے کردار ادا کرنے کا انداز انہیں دوسری اداکاراؤں سے منفرد بناتا ہے۔
























