سردیوں میں ٹھنڈی ہوا، کم نمی اور گھروں میں ہیٹر کے استعمال کی وجہ سے بال اکثر خشک، روکھے اور بے جان ہو سکتے ہیں۔ ایسے موسم میں بہت سے لوگ بالوں کی حفاظت کے لیے تیل لگاتے ہیں۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ کیسٹر آئل اور ناریل کا تیل بال لمبے اور گھنے کرنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم سائنسی شواہد کے مطابق ان کے فوائد مختلف ہیں۔
ناریل کے تیل کو بالوں کی حفاظت کے حوالے سے زیادہ سائنسی حمایت حاصل ہے، جبکہ کیسٹر آئل بالوں کو نرم اور چمک دار بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ تاہم، دونوں میں سے کسی تیل کے بارے میں یہ مضبوط ثبوت موجود نہیں کہ وہ بالوں کی نشوونما کی رفتار بڑھا دیتا ہے۔
کیسٹر آئل بالوں کے لیے کتنا فائدہ مند ہے؟
کیسٹر آئل ایک پودے کے بیجوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ دوسرے کئی تیلوں کے مقابلے میں زیادہ گاڑھا ہوتا ہے اور اس میں رائسنولک ایسڈ نامی جزو بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔
اس تیل کو بالوں پر لگانے سے وہ نرم اور چمک دار محسوس ہو سکتے ہیں۔ یہ بالوں پر ایک تہہ بنا کر خشکی کم کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔
تاہم، اس بات کے مضبوط سائنسی شواہد موجود نہیں کہ کیسٹر آئل سر کی جلد پر لگانے سے بال تیزی سے بڑھنے لگتے ہیں یا ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔
اگر بال بہت زیادہ گر رہے ہوں، مانگ چوڑی ہوتی جا رہی ہو یا سر پر گنج پن کے دھبے بن رہے ہوں تو صرف یہ تیل استعمال کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ ایسی صورت میں بال گرنے کی اصل وجہ معلوم کرنا ضروری ہے۔
ناریل کا تیل سردیوں میں کیوں بہتر ہو سکتا ہے؟
ناریل کے تیل میں لورک ایسڈ نامی جزو پایا جاتا ہے۔ اس کی خاص ساخت کی وجہ سے یہ بالوں کے اندرونی حصے تک پہنچ سکتا ہے اور بالوں کو ٹوٹنے اور اس میں موجود پروٹین کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
سردیوں میں بال زیادہ خشک اور کمزور ہو سکتے ہیں، جس سے ان کے ٹوٹنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں ناریل کا تیل بالوں کی حفاظت اور ان کی مضبوطی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناریل کا تیل بالوں کو تیزی سے اگانے کا جادو تو نہیں کرتا، لیکن یہ آپ کے موجودہ بالوں کو صحت مند اور محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
دونوں آئلز میں بنیادی فرق کیا ہے؟
اگرچہ کیسٹر آئل بالوں کو چمک اور نمی فراہم کرنے کے لیے اچھا ہے، لیکن سردیوں کے موسم میں بالوں کی حفاظت کے لحاظ سے ناریل کا تیل بازی لے جاتا ہے۔
اسی وجہ سے سردیوں میں خشک اور ٹوٹنے والے بالوں کی حفاظت کے لیے ناریل کے تیل کو نسبتاً بہتر انتخاب سمجھا جا سکتا ہے۔ البتہ اکیسٹر آئل بھی بالوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بال گرنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟
ماہرین کے مطابق، بالوں کی دیکھ بھال اور بالوں کی نشوونما دو الگ چیزیں ہیں۔ کوئی تیل بالوں کو نرم، چمک دار اور ٹوٹنے سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے، لیکن اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ نئے بال اگانے یا بال گرنے کا علاج کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اگر بال معمول سے زیادہ گر رہے ہوں یا ان کی موٹائی کم ہوتی جا رہی ہو تو اس کی وجہ معلوم کرنا ضروری ہے۔ غذائی کمی، جسمانی یا ہارمونز سے متعلق مسائل اور سر کی جلد کی بعض بیماریاں بال گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
























