پاکستانی اداکار عمران عباس نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے دوری کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا ہے. ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اداکاری کے بجائے اپنے کاروبار اور فلاحی کاموں پر توجہ دے رہے ہیں۔
عمران عباس اپنے کئی مشہور ڈراموں اور خوبصورت پرسنلٹی کی وجہ سے ناظرین میں مقبول ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ انسٹاگرام پر بھی ان کے تقریباً 86 لاکھ فالوورز ہیں۔ لیکن پچھلے کچھ عرصے سے وہ شوبز انڈسٹری سے غائب ہیں اور نئے ڈراموں میں کام نہیں کر رہے۔
حال ہی میں ایک ٹیلی ویژن شو کے دوران فون پر گفتگو کرتے ہوئے عمران عباس نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے تقریباً دو تین سال سے ٹی وی ڈراموں میں کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اب وہ ٹیلی ویژن پر نظر نہیں آئیں گے۔
انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ اپنے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر پوری توجہ دے رہے ہیں کیونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور اس وقت اسلام آباد میں ایک بڑی عمارت کی تعمیر میں مصروف ہیں۔
عمران عباس نے مزید بتایا کہ وہ اسلام آباد ایئر پورٹ کے قریب ممتاز سٹی میں 12 منزلہ ٹاور تعمیر کر رہے ہیں جس کا نام ایری رکھا گیا ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل میں ڈھائی سال کا عرصہ لگنے کی توقع ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ان دنوں اپنی توجہ اسی منصوبے پر مرکوز کیے ہوئے ہیں اور تعمیراتی کام کو وقت دے رہے ہیں۔
عمران عباس نے گفتگو کے دوران فلاحی کاموں کا ذکر بھی کیا۔ اداکار نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والدین اب اس دنیا میں نہیں رہے ہیں اور ان کی شادی نہیں ہوئی ہے اس لیے بچوں کی ذمہ داریاں بھی نہیں ہیں۔ اس وجہ سے وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ ان کا یہ کام صدقہ جاریہ بن کر آخرت میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکے۔
عمران عباس نے اپنے فنی کیریئر میں متعدد مقبول پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں ’’نور العین‘‘، ’’میری ذات ذرہ بے نشان‘‘، ’’خدا اور محبت‘‘، ’’کوئی چاند رکھ‘‘، ’’محبت تجھے الوداع‘‘، ’’احرامِ جنون‘‘، ’’تمہارے عشق کے نام‘‘ اور ’’اکبری اصغری‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سرحد پار بھی کام کر کے داد وصول کرچکے ہیں۔
























