پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے خون کے کینسر سے دو سالہ جنگ کے بعد ایک بار پھر موسیقی کی دنیا میں واپسی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ان کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم علاج کے کچھ مراحل ابھی باقی ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گلوکار نے بتایا کہ انہیں ملٹی پل مائیلوما نامی خون کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ان کا علاج شروع کیا گیا۔

شفقت امانت علی کے مطابق بیماری کے دوران انہیں طویل عرصے تک بستر پر رہنا پڑا، جو ان کے لیے ایک مشکل تجربہ تھا، کیونکہ وہ ہمیشہ موسیقی اور گلوکاری میں مصروف رہتے تھے۔

گلوکار نے بتایا کہ ان کی بون میرو بائیوپسی کے نتائج تسلی بخش آئے ہیں اور اب وہ ہر ہفتے کیموتھراپی کی ہلکی خوراک لے رہے ہیں، جسے مینٹیننس ٹریٹمنٹ کہا جاتا ہے۔

ان کے مطابق علاج کے اگلے مرحلے میں انہیں آٹو ٹرانسپلانٹ یا اسٹیم سیل تھراپی سے گزرنا ہوگا۔ انہوں نے صحت میں بہتری پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے باقی مراحل مکمل کرنا ضروری ہے۔

بیماری کے باعث طویل وقفے کے بعد شفقت امانت علی اب دوبارہ اسٹیج پر پرفارم کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

میوزک ڈائریکٹر احسن باری کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے گلوکار کے ساتھ کنسرٹس کی ریہرسل جاری ہے۔ ان پروگراموں میں ملک کے معروف موسیقاروں کے ساتھ آرٹس کونسل کراچی کی میوزک اکیڈمی کے طلبہ بھی پرفارم کریں گے۔

احسن باری نے بتایا کہ کنسرٹس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے موک کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر شفقت امانت علی کی بیماری اور موسیقی کی دنیا میں واپسی کے حوالے سے ایک ویڈیو پرومو پیش کیا گیا۔ ان کی واپسی کی خبر مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے، جو ایک عرصے سے ان کی پرفارمنس کے منتظر ہیں۔

More

Comments
1000 characters