معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ ایمان فاطمہ نے ڈراما ’درِنجات‘ کے کردار ابوبکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہر کوکیسا ہونا چاہیے، ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث شروع ہوگئی کہ آیا ایمان کا یہ پیغام بالواسطہ طور پر رجب بٹ کے لیے ہے۔

ایمان فاطمہ نے ابوبکر کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک شوہر کو اپنی بیوی کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے ابوبکر کی شخصیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نرم مزاج، عاجز اور سمجھ دار انسان ہے۔ اس میں مردانہ انا نہیں بلکہ وہ خواتین کے جذبات کو سمجھنے اور انہیں عزت دینے کا ہنر جانتا ہے۔

ان کے مطابق ابوبکر نہ صرف اپنی والدہ بلکہ اپنی بیوی کو بھی اہمیت دیتا ہے اور اس کی وجہ اس کی والدہ کی اچھی تربیت ہے۔ ایمان کا کہنا تھا کہ والدین کی تربیت ہی انسان کو دوسروں، خصوصاً خواتین کی عزت اور قدر کرنا سکھاتی ہے۔

انہوں نے ازدواجی رشتے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت اپنا گھر چھوڑ کر شوہر کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے آتی ہے۔ وہ اپنے خاندان کی محبت اور توجہ چھوڑ کر ایک شخص پر اعتماد کرتی ہے اور اس کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ ایسے میں شوہر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بیوی کی قدر کرے، اسے محبت اور عزت دے اور اس کی ضروریات کا خیال رکھے۔

ایمان فاطمہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ بعض صارفین کا خیال ہے کہ ان کا یہ پیغام بالواسطہ طور پر رجب بٹ کے لیے ہے، تاہم ایمان نے اپنی گفتگو میں کہیں بھی ان کا نام نہیں لیا۔

ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ایمان کا یہ بیان دراصل رجب بٹ کے لیے پیغام ہے، جبکہ کچھ صارفین نے ان کی باتوں کو رجب بٹ کی ذاتی زندگی سے جوڑتے ہوئے ان کا موازنہ زامل سے بھی کیا۔ بعض تبصروں میں کہا گیا کہ ’آپ کی قسمت میں تو زامل تھا۔‘

یوں ڈرامے کے ایک کردار کی تعریف سے شروع ہونے والی ایمان فاطمہ کی گفتگو سوشل میڈیا پر ازدواجی رشتوں اور شوہر کی ذمہ داریوں سے متعلق بحث کا موضوع بن گئی ہے۔ ایک صارف نے یہاں تک لکھا کہ حقیقی زندگی میں ابوبکر کا کردار ایگزسٹ ہی نہیں کرتا جبکہ کچھ صارفین نے ایمان فاطمہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

More

Comments
1000 characters