بالی ووڈ اداکارہ اور کینیڈین نژاد مراکشی ڈانسر نورا فتیحی، فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں مراکش کی شکست پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، کوارٹر فائنل میچ شروع ہونے سے قبل نورا فتیحی کو ایک انتہائی ڈرامائی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا۔
اسٹیڈیم کے باہر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ان کی گاڑی پھنس گئی۔ چونکہ میچ شروع ہونے میں چند منٹ باقی تھے اور نورا اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے قومی ترانے کے وقت ہر صورت اسٹیڈیم میں موجود رہنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے گاڑی وہیں چھوڑی اور اسٹیڈیم کی طرف دوڑ لگا دی۔
نورا فتیحی اسٹیڈیم کے وی آئی پی باکس میں موجود تھیں اور پورے میچ کے دوران وہ مراکش کی ٹیم کی بھرپور حمایت اور ہر اچھے موو پر داد دیتی رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ میچ کی کچھ ویڈیوز بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوریز میں شیئر کرتی رہیں۔
وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے بے حد پُرامید تھیں، تاہم جیسے ہی فرانس نے میچ کے آخری لمحات میں دوسرا گول کر کے مراکش کی شکست یقینی بنائی، تو نورا فتحی شدید مایوسی کا شکار ہو گئیں اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائیں۔

میچ کے اختتام کے بعد نورا فتیحی نے ’انسٹاگرام‘ پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کہ آج میرا دل ٹوٹ گیا ہے، لیکن میرا سر فخر سے بلند ہے۔ ہماری ٹیم نے آخری سیکنڈ تک ہار نہیں مانی اور میدان میں جان لڑا دی۔ مراکش نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم میں کتنا دم ہے۔ ہماری ٹیم کے کھلاڑی ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
اگرچہ مراکش اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا، لیکن انہوں نے مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
























