پاکستانی ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے اپنی شادی کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔ اداکارہ نے شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی پوسٹ کیں، تاہم ان کے شوہر کا چہرہ اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

حمیرا بانو کی پوسٹ کی گئی تصاویر میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ موجود ہیں۔ ان تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ کیمرے کی طرف نہیں ظاہر کیا بلکہ شوہر کی پشت نظر آرہی ہے۔

اپنی اس پوسٹ کے ساتھ حمیرا بانو نے ایک خوبصورت اور دل کو چھو لینے والا پیغام بھی لکھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ، ’کبھی کبھی ہم اپنے لیے کچھ منصوبہ بندی کرتے ہیں لیکن اللہ ہمارے لیے کچھ اور منصوبہ رکھتا ہے اور جب رب کُن فرما دے، تو پھر منزل آسان ہو جاتی ہے۔‘

شادی کی خبر سامنے آنے کے فوراً بعد شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے حمیرا بانو کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مایا خان، صباحت بخاری، منشا ملک اور عرفان موری والا سمیت کئی فنکاروں اور دوستوں نے سوشل میڈیا پر اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مداحوں نے بھی حمیرا بانو کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دی اور ان کے لیے خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔

واضح رہے کہ حمیرا بانو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تجربہ کار اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے طویل عرصے کے دوران کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔

ناظرین انہیں زیادہ تر ڈراموں میں ماں کے کرداروں میں دیکھنے کے عادی ہیں اور ان کے کام کو ہمیشہ سے بہت سراہا گیا ہے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں’امید‘، ’مہرپوش‘، ’میرا رب وارث‘، ’ملالِ یار‘، ’ڈولی ڈارلنگ‘، ’میرے اپنے‘، ’بے نام‘، ’بنو‘، ’دیوانگی‘ اور ’محروم‘ شامل ہیں۔

حمیرا بانو نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے، اسی لیے ان کی شادی کی اچانک خبر نے مداحوں کو حیران کر دیا اور شوبز حلقوں میں انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

More

Comments
1000 characters