عام طور پر بالوں میں مہندی کا پیسٹ لگانے کے لیے دو چیزیں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں جن میں ایک چائے کی پتی کا پانی اور دوسری کافی کا پاؤڈر ہے۔ کچھ لوگ چائے کی پتی کے پانی سے مہندی گھولتے ہیں تو کچھ لوگ کافی ملانا پسند کرتے ہیں، لیکن اکثر لوگ اس بات پر پریشان رہتے ہیں کہ ان دونوں میں سے زیادہ فائدہ مند کیا ہے؟
بالوں کو قدرتی رنگ دینے کے لیے صدیوں سے مہندی کا استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ بالوں میں مہندی لگانے سے نہ صرف سفید بال چھپ جاتے ہیں بلکہ بالوں کو بہت اچھی خوراک اور نرمی بھی ملتی ہے، اسی لیے مہندی کو کم از کم مہینے میں ایک بار ضرور لگانا چاہیے۔
اگر سوال یہ ہے کہ چائے اور کافی میں سے بالوں کی مہندی کے لیے کیا بہتر ہے تو دونوں چیزیں بالوں کے رنگ پر مختلف اثر ڈال سکتی ہیں، اس لیے انتخاب اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کس طرح کا رنگ چاہتے ہیں۔
چائے کی پتی کا پانی مہندی میں شامل کرنے کا طریقہ
چائے کی پتی کے پانی کو مہندی میں ملانے سے بہت اچھے فائدے ملتے ہیں۔ آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ گھروں میں بزرگ خواتین چائے کی پتی کے پانی سے ہی مہندی تیار کرتی ہیں۔ چائے کی پتی کے پانی میں کچھ ایسے اجزاء ہوتے ہیں جو مہندی کے رنگ کو گہرا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
اگر آپ اپنے بالوں کو تھوڑا گہرا اور گہرا سرخ یا بھورا رنگ دینا چاہتے ہیں تو سادہ پانی کی بجائے چائے کی پتی کا پانی استعمال کرنا زیادہ بہتر ہے۔ اس کے علاوہ چائے کی پتی کا پانی بالوں کو قدرتی طور پر چمکدار اور نرم بنانے میں بھی مدد کرتا ہے۔
چائے کی پتی کا پانی بنانے کا طریقہ بہت آسان ہے۔ جتنی ضرورت ہو اتنا پانی کسی برتن میں گرم کریں اور اس میں دو سے تین چھوٹے چمچ چائے کی پتی ڈال کر پکائیں جب تک اس کا رنگ نہ نکل آئے۔
چائے کا پانی ٹھنڈا ہونے کے بعداسے آہستہ آہستہ مہندی میں ڈال کر پیسٹ تیار کر لیں۔ آپ چاہیں تو مہندی کے اس گھول کو رات بھر کے لیے رکھ سکتے ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے مہندی کا رنگ بہت اچھے طریقے سے نکھر کر آتا ہے۔
مہندی میں کافی ملانے سے کیا ہوتا ہے؟
دوسری طرف مہندی کا پیسٹ بنانے میں بہت سے لوگ کافی پاؤڈر یا کافی کے پانی کا استعمال بھی کرتے ہیں۔ دراصل کافی پاؤڈر ملانے سے بالوں کو قدرتی طور پر ایک ہلکا بھورا رنگ ملتا ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے۔ اگر آپ اپنے بالوں کو ہلکی بھوری چمک دینا چاہتے ہیں تو کافی پاؤڈر کا استعمال بہتر رہے گا۔ اس کے علاوہ کافی بالوں کے بڑھنے میں بھی مدد کر سکتی ہے۔
اس کا استعمال کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ مہندی میں ایک سے دو چمچ کافی پاؤڈر براہ راست ملا کر پیسٹ بنا سکتے ہیں یا پھر چائے کی پتی کی طرح کافی کا پانی تیار کر کے اسے مہندی میں شامل کر سکتے ہیں۔
چائے اور کافی میں سے کیا بہتر ہے؟
اگر یہ سوال کیا جائے کہ دونوں میں سے کون سی چیز زیادہ بہتر ہے، تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر آپ اپنے بالوں کو گہرا رنگ اور ہلکی چمک دینا چاہتے ہیں تو چائے کی پتی کا پانی استعمال کریں۔
دوسری طرف اگر آپ بالوں کو ہلکی بھوری چمک دینا چاہتے ہیں تو کافی پاؤڈر کا استعمال زیادہ اچھا ہے۔ البتہ یہ بات دھیان میں رکھیں کہ کافی بہت زیادہ مقدار میں نہیں ملانی چاہیے ورنہ مہندی کا ٹیکسچر یا حالت خراب ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایک بہت اچھی ترکیب یہ بھی ہے کہ مہندی کا پیسٹ بناتے وقت آپ تھوڑا سا کافی پاؤڈر اور چائے کی پتی کا پانی دونوں ہی ایک ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے بالوں کو کافی اچھا گہرا رنگ ملتا ہے اور ساتھ ہی بالوں میں شاندار چمک بھی آتی ہے۔
مہندی قدرتی رنگ دینے کا ایک پرانا طریقہ ہے، لیکن کسی بھی گھریلو نسخے کو استعمال کرنے سے پہلے یہ دیکھ لینا بہتر ہے کہ اس سے آپ کی جلد یا بالوں کو کوئی الرجی یا نقصان تو نہیں ہوتا۔ خاص طور پر حساس جلد والے افراد پہلے تھوڑی مقدار پر آزما سکتے ہیں۔
























