گھروں میں پوری یا پکوڑے تلنے کے بعد اکثرخواتین کڑاہی میں بچ جانے والے تیل کو ضائع کر دیتی ہیں کیونکہ بار بار زیادہ درجہ حرارت پر گرم ہونے کی وجہ سے یہ تیل کھانے کے قابل نہیں رہتا اور صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے خاص طور پر جب تیل کا رنگ، بو یا ذائقہ تبدیل ہوچکا ہو۔

ایسے میں بچا ہوا تیل پھینکنے کے بجائے گھر کے کئی کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح تیل بھی ضائع نہیں ہوگا اور گھر کے چھوٹے موٹے کام بھی آسان ہوجائیں گے۔

اسٹیکرز اتارنے میں مددگار

اگر کسی پلاسٹک، شیشے یا اسٹیل کی چیز پر لگا ہوا کوئی ضدی اسٹیکر یا لیبل اتارنا مشکل ہوجائے تو یہ تیل اس کام کو آسان بناسکتا ہے۔ بچے ہوئے تیل کے چند قطرے اسٹیکر پر لگا کر کچھ دیر چھوڑ دیں۔ تیل اسٹیکر کے نیچے موجود گوند کو نرم کرنے میں مدد دے سکتا ہے جس کے بعد اسے اتارنا نسبتاً آسان ہوجاتا ہے۔

زنگ لگا نٹ بولٹ کھولنے کے لیے

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اگر گھر میں کوئی نٹ بولٹ زنگ آلود ہو جانے کی وجہ سے جام ہو گیا ہو اور کھل نہ رہا ہو، تو اس بچے ہوئے تیل کے چند قطرے اس کے جوڑ پر ڈال دیں۔ کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد اسے دوبارہ کھولنے کی کوشش کریں۔ تیل رگڑ کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے اور نٹ بولٹ کھولنا آسان ہوسکتا ہے۔

لکڑی کے فرنیچر کی چمک بڑھائیں

لکڑی کے پرانے فرنیچر کو چمکانے کے لیے یہ تیل بہت کارآمد ہے۔ اگر لکڑی کے پرانے فرنیچر پر گرد و غبار جمع ہے اور اس کی چمک کم ہوگئی ہے تو کسی نرم سوتی کپڑے کو اس تیل میں ڈبو کر لکڑی کے سامان یا فرنیچر پر رگڑیں اور پھر کسی صاف خشک کپڑے سے اچھی طرح پونچھ دیں تاکہ اضافی تیل صاف ہو جائے، اس سے فرنیچر نیا جیسا چمکنے لگے گا۔

البتہ تیل لگانے سے پہلے فرنیچر کے کسی چھوٹے اور چھپے ہوئے حصے پر اسے آزمانا بہتر ہے تاکہ لکڑی کو کوئی نقصان نہ ہو۔

چمڑے (لیدر) کی اشیاء اور جوتوں کی پالش

گھر میں رکھے ہوئے چمڑے یعنی لیدر کے جوتے، پرس یا دیگر شوپیس کو چمکانے کے لیے بھی آپ اس بچے ہوئے تیل کو استعمال کر سکتی ہیں۔ لیدر کی چیزوں پر ہلکی سی تیل کی تہہ لگا کر انہیں چمکایا جا سکتا ہے۔

تاہم ہر قسم کے چمڑے پر تیل مناسب نہیں ہوتا، اس لیے پہلے کسی چھوٹے حصے پر آزمانا بہتر ہے۔

دروازے اور کھڑکی کی آواز ختم کریں

اگر گھر کے کسی دروازے یا کھڑکی کو بند یا کھولتے وقت چرچراہٹ کی آواز آ رہی ہو، تو اس کے جوڑ یا قبضوں والے حصے میں یہی بچا ہوا تیل ڈال دیں۔ ااس سے جوڑ میں رگڑ کم ہوسکتی ہے اور آواز بھی کم ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔

تیل دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے یہ احتیاط کریں

البتہ اگر آپ اس تیل کو ان کاموں میں دوبارہ استعمال کرنا چاہتی ہیں، تو اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے تیل کو اچھی طرح چھان کر کھانے کے چھوٹے ذرات یا ذروں کو الگ کر لیں اور پھر اسے کسی صاف اور خشک ایئر ٹائٹ جار میں بھر کر محفوظ کر لیں۔

تاہم اگر تیل سے خراب یا بدبو آنے لگے، اس کا رنگ بہت زیادہ بدل جائے یا اس میں غیر معمولی تبدیلی نظر آئے تو اسے استعمال نہ کریں۔ خاص طور پر ایک بار استعمال کیے گئے تیل کو بار بار کھانا پکانے یا تلنے کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرنا بہتر ہے۔

More

Comments
1000 characters