یوکرین نے روس کے مقبول بچوں کے کارٹون ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ کے پروڈیوسرز اور تقسیم کاروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارٹون روس کے حق میں بیانیہ پھیلانے کا ذریعہ بن رہا ہے اور اس سے یوکرین کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق یوکرین کی وزیرِ ثقافت تاتیانا بریژنا نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حکومت نے ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ تیار کرنے والوں اور اسے تقسیم کرنے والوں کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے یوکرین میں کارٹون کے مواد کو روکنے اور عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم محدود کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جمعرات کو اس حوالے سے حکم نامے پر دستخط کیے۔ پابندیوں کی زد میں کارٹون بنانے والا اسٹوڈیو اینیماکارڈ سمیت سیریز سے وابستہ دیگر افراد اور ادارے بھی شامل ہیں۔

’ماشا اینڈ دی بیئر‘ دنیا بھر میں انتہائی مقبول بچوں کا کارٹون ہے۔ اس میں ماشا نامی ایک شرارتی بچی اور اس کے دوست ریٹائرڈ سرکس ریچھ کی کہانی دکھائی جاتی ہے۔ کارٹون کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف اس کے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز کو 37 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، جبکہ بعض اقساط کو چار ارب سے زیادہ مرتبہ بھی دیکھا گیا ہے۔ یہ کارٹون دنیا کے تقریباً 100 ممالک میں نشر ہوتا ہے۔

تاہم یوکرین اور اس کے بعض اتحادی ممالک، جن میں برطانیہ اور ایسٹونیا بھی شامل ہیں، اس کارٹون پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ روس کا مثبت تاثر پیش کرتا ہے اور روس کے ثقافتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے نرم طاقت کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔

یوکرین کی وزیرِ ثقافت نے کہا کہ روسی پروپیگنڈے کے لیے بچوں کے پروگراموں میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ تازہ پابندیوں کے ذریعے حکومت کارٹون کی یوکرین میں رسائی محدود کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی پلیٹ فارمز پر اس کی آمدنی اور تقسیم کو بھی روکنے کی کوشش کرے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جنگ اور روسی ثقافتی مواد کے خلاف پابندیوں کے باوجود یہ کارٹون یوکرین میں اب بھی خاصا مقبول ہے۔ اخبار ’یوکرائنسکا پراودا‘ کے مطابق گزشتہ سال اگست میں ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ کا یوکرینی یوٹیوب چینل ملک میں بچوں کے لیے سب سے زیادہ مقبول چینل بن گیا تھا۔ اس چینل کے اس وقت 18 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔

روس نے یوکرین کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے پابندیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے اور یہ کارٹون انسانی خوبیوں کو اجاگر کرتا ہے۔

یوکرین نے اس سے قبل جون میں اس وقت بھی اعتراض کیا تھا جب نیٹ فلکس نے ’ماشا اینڈ دی بیئر‘ کے نئے سیزنز کو نشر کرنے کے حقوق حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ تازہ پابندیوں کے بعد اب یوکرینی حکام کارٹون کے ملک میں مواد اور اس کی تقسیم کو محدود کرنے کی جانب مزید قدم بڑھا سکتے ہیں۔

More

Comments
1000 characters