بولی ووڈ اداکار اور سابق رکن پارلیمنٹ گووندا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ دے دیا ہے۔ اداکار کی جانب سے جاری قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جھوٹی معلومات پھیلانے والوں سے 100 کروڑ بھارتی روپے تک ہرجانے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے۔

گووندا کی ذاتی زندگی گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل خبروں میں ہے۔ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ساتھ تعلقات، طلاق کی درخواست اور اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ مبینہ تعلقات کے بارے میں مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ اب گووندا نے ان دعوؤں کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گووندا کی جانب سے جاری کی جانے والی اس قانونی نوٹس میں میڈیا اداروں، سوشل میڈیا صارفین اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان کے بارے میں کوئی بھی جھوٹی، من گھڑت یا بغیر تصدیق شدہ معلومات شیئر نہ کریں۔

نوٹس میں تصاویر، ویڈیوز، آڈیو، ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے جعلی مواد کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گووندا نے کسی کو بھی اجازت نہیں دی کہ وہ ان کی ذاتی زندگی یا شناخت کو ڈیجیٹل طریقوں سے غلط استعمال کرے.

یہ معاملہ اس وقت زیادہ نمایاں ہوا جب گووندا کی کومل رانی سوارنکر کے ساتھ مبینہ کورٹ میرج کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ اس سے قبل گووندا اور سنیتا کی طلاق سے متعلق خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ گووندا کا ماننا ہے کہ یہ تمام افواہیں ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور انہیں سماجی اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہیں۔

اداکار کے منیجر اور ٹیم کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ہتکِ عزت، رازداری کی پامالی اور سائبر کرائم کے قوانین کے تحت سخت دیوانی اور فوجداری کارروائی کی جائے گی. اس نوٹس میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ ذمہ دار افراد کی مالی جائیدادوں اور اکاؤنٹس کے خلاف بھی عدالت سے احکامات جاری کروائے جا سکتے ہیں۔

سنیتا آہوجا کو اپنے بیٹے یش وردھن آہوجا کے ساتھ ممبئی کی باندرہ فیملی کورٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ بعد میں گووندا کے منیجر ششی سنہا نے بتایا کہ سنیتا نے اپنی طلاق کی درخواست واپس لے لی ہے۔ یہ درخواست مبینہ طور پر تقریباً دو سال سے زیرِ سماعت تھی۔

اس کے بعد سنیتا نے راکھی ساونت سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ انہوں نے طلاق کی درخواست اس لیے واپس لی کیونکہ گووندا مبینہ طور پر کومل سے دوسری شادی کرنے والے تھے۔ تاہم گووندا کے منیجر ششی سنہا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گووندا کی دوسری شادی کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔

دوسری جانب گووندا نے ایک ویڈیو پیغام میں سنیتا سے بھی کہا تھا کہ وہ ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جن سے ان کی ساکھ، کیریئر اور فلمی مقام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

More

Comments
1000 characters