امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی شادی کا لباس کیسا ہوگا، اس بارے میں ابھی سسپنس برقرار ہے، لیکن دنیا بھر کی برائیڈل فیشن کمپنیوں نے پہلے ہی اس طرز کے کپڑے تیار کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ فیشن ماہرین کا خیال ہے کہ امریکی پاپ اسٹار کے شادی کے لباس میں نظر آنے والے انداز، کپڑے، رنگ اور ڈیزائن آنے والے دنوں میں دلہنوں کے فیشن پر اثر ڈال سکتے ہیں۔
برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے 3 جولائی کو نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی اپنی نجی شادی کی تقریب میں کرسچن ڈائر کا لباس پہنا تھا۔ تاہم اس لباس کی مکمل تفصیلات ابھی مداحوں کے لیے ایک دلچسپ راز بنی ہوئی ہیں۔
اب ان کے لاکھوں مداح اس بات کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں کہ وہ کرسچن ڈیور کمپنی کا بنایا ہوا وہ خوبصورت جوڑا دیکھیں جو انہوں نے تقریب میں پہنا تھا۔
دوسری جانب شادی کے ملبوسات بنانے والی معروف کمپنی ڈیوڈز برائیڈل نے سوئفٹ کے ممکنہ انداز سے متاثر تقریباً دو درجن ڈیزائن تیار کرلیے ہیں۔ کمپنی کے امریکا میں تقریباً 200 اسٹورز ہیں۔
ڈیوڈز برائیڈل کی چیف ایگزیکٹو کیلی کوک نے کہا کہ ان کی ٹیم اس وقت تک انتظار کر رہی ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کے اصل لباس کی مزید تصاویر اور تفصیلات سامنے آئیں۔ جیسے ہی ہمیں یہ اندازہ ہوگا کہ ان کا لباس اصل میں کیسا ہے، ہماری یہ تیاری ہمیں تیزی سے کام کرنے میں مدد دے گی۔
کمپنی کو پہلے ہی اپنی ویب سائٹ پر ٹیلر سوئفٹ جیسے ڈیزائنوں کی تلاش میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ کمپنی کے لباس کی قیمتیں چند سو ڈالر سے شروع ہو کر 3 ہزار ڈالر سے زیادہ تک جاتی ہیں۔
ہانگ کانگ میں ڈیوڈز برائیڈل کی ڈیزائن سربراہ وائولا چان کے مطابق ان کی ٹیم نے ٹیلر سوئفٹ کے انداز سے متاثر تین طرح کے ڈیزائن تیار کیے ہیں، جن میں بڑے سجے ہوئے گاؤن، سادہ مگر خوبصورت لباس اور مختصر گاؤن شامل ہیں۔ ان کے مطابق میک اپ، بالوں کا انداز، لباس کا رنگ اور پھولوں کی سجاوٹ بھی نئے رجحانات کو متاثر کرسکتی ہے۔
اسپین کے برائیڈل برانڈ پرونوویاس نے بھی سوئفٹ کے لباس کے سلہوٹ، کپڑے اور مجموعی انداز سے متاثر ہونے کا عندیہ دیا ہے، تاہم کمپنی کسی مخصوص لباس کی نقل کرنے کے بجائے عمومی فیشن ٹرینڈز پر توجہ دے گی۔
ڈیزائنر گالیا لہاو کی تخلیقی ڈائریکٹر شارون سیور کا کہنا ہے کہ اگر سوئفٹ نے منفرد رنگ، کپڑا یا ویِل استعمال کیا تو وہ شادی کے فیشن میں نیا رجحان بن سکتا ہے۔
نیویارک کی ڈیزائن ڈائریکٹر لیزا پونٹونی نے کہا، ”تصاویر ڈیزائن کی دنیا میں بہت فرق ڈالتی ہیں۔“
ادھر جسٹن الیگزینڈر گروپ بھی سوئفٹ کے لباس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ممکنہ طور پر اس کے کچھ عناصر اپنے نئے ڈیزائن میں شامل کرسکتا ہے۔
تاہم تمام برانڈز سوئفٹ کے لباس کی براہ راست نقل کرنے کے حق میں نہیں۔ لولی برائیڈ کی بانی اور چیف ایگزیکٹو لین لسٹ کا کہنا ہے کہ ان کے نئے ڈیزائن زیادہ سے زیادہ سوئفٹ کے انداز سے معمولی طور پر متاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا، ”اگر ان کا لباس ہماری دلہنوں کو متاثر کرتا ہے تو ہم انہیں بتائیں گے کہ ہمارے پاس اس سے ملتے جلتے ڈیزائن موجود ہیں۔“
ٹیلر سوئفٹ کے لباس سے متاثر ہونے کی دوڑ میں قانونی پہلو بھی اہم ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق کسی بھی کپڑے کی کٹائی یا شکل کو کاپی کرنا قانون کے خلاف نہیں ہوتا، لیکن اگر کوئی کمپنی ٹیلر سوئفٹ یا ڈیور کے نام کا غلط استعمال کر کے گاہکوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرے گی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اسی وجہ سے زیادہ تر کمپنیاں صرف فیشن سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہیں اور کسی کے نام کا استعمال نہیں کریں گی۔
یوں ٹیلر سوئفٹ کی شادی کا لباس صرف مداحوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری برائیڈل فیشن انڈسٹری کے لیے بھی خاص اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ اگر ان کے لباس کی مزید تصاویر سامنے آتی ہیں اور ان میں کوئی منفرد انداز، رنگ یا ڈیزائن نمایاں ہوتا ہے تو ممکن ہے کہ آنے والے برسوں میں ہزاروں دلہنیں اسی طرز کے لباس کو اپنی شادی کے لیے پسند کریں۔
























