فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ حرا قیصر ’پاکستان آئیڈل سیزن 2‘ کی فاتح قرار پائی ہیں۔ حرا قیصر کے مطابق اس طویل سفر کے دوران انہیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہیں نے کسی مشکل کو آڑے نہیں آنے دیا۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نے پورے سیزن میں اپنی خوبصورت آواز، جذباتی پرفارمنس اور اعتماد کے باعث ججز اور ناظرین کی خوب توجہ حاصل کی۔
کراچی میں اتوار کی شب ہونے والے گرینڈ فائنل میں حِرا قیصر کو ’پاکستان آئیڈل سپر اسٹار‘ کا خطاب حاصل ہوگیا ہے۔ تقریب میں حرا قیصر کو ’سپر اسٹار‘ کا تاج پہنایا گیا اور 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے بھی نوازا گیا۔
سپر فائنل میں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سمیت تمام ججز نے شاندار پرفارمنس پر انہیں کھڑے ہو کر داد دی۔ اسی دوران جب انہیں تاج پہنانے کے لیے اسٹیج پر بلایا گیا تو پورے ہال میں جذباتی مناظر تھے۔
حِرا قیصر وننگ شیلڈ وصول کرنے اسٹیج پر آئیں تو ہمیشہ کی طرح ان کا شیر خوار بچہ گود میں ہی موجود تھا اور ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔
فیصل آباد کے ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نے پورے سیزن میں اپنی خوبصورت آواز، بھرپور اعتماد اور جذباتی پرفارمنس سے بھرپور توجہ حاصل کی۔
مالی مسائل، گھریلو ذمہ داریاں اور گود میں شیر خوار بچہ ہونے کے باوجود حرا قیصر نے شاندار پنجابی فوک گائیکی اور پُر سوز صوفیانہ کلام کے ذریعے عوام اور ججز کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔
گرینڈ فائنل میں حرا قیصر نے پاکستان کے مشہور صوفی راک بینڈ ’میکال حسن بینڈ‘ کے ایک کلاسک اور مشکل گانے کا انتخاب کیا۔
ججز اور عاطف اسلم کا ردِعمل: ان کی اس جاندار، پرجوش اور صوفیانہ راک پرفارمنس نے ججز پینل (راحت فتح علی خان، فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگاش) کے ساتھ ساتھ تقریب کے مہمانِ خصوصی اور پاکستان کے میوزک آئیکن عاطف اسلم کو بھی بے حد متاثر کیا، جنہوں نے حرا کی اس پرفارمنس کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ حرا قیصر نے موسیقی کی کوئی باقاعدہ تربیت بھی حاصل نہیں کی۔ ان کے مطابق گانے سنتے سنتے ہی انہیں گلوکاری کا شوق پیدا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگر بننا اور بڑے اسٹیج پر پرفارم کرنا ان کا ایک ادھورا خواب تھا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد حرا اور ان کے شوہر نے اس کامیابی کو اپنے خواب کی تکمیل اور بچوں کے بہتر مستقبل سے جوڑا ہے۔
حرا کا کہنا تھا کہ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں اور چھوٹے سے مکان میں کرائے پر رہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان پر بچپن سے ہی گلوکاری کا جنون سوار تھا۔ وہ ہمیشہ سے چاہتی تھیں کہ ان کی آواز کو قومی سطح پر پہچان ملے۔
حرا قیصر نے اپنی مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان میں موسیقی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا ہے۔ ان کے پاکستان آئیڈل میں شرکت کے فیصلے پر بھی خاندان کو اعتراض تھا تاہم اس مشکل وقت میں ان کے بھائی اور شوہر نے ہر قدم پر ان کا بھرپور ساتھ اور حوصلہ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خاندانی رکاوٹوں کے علاوہ بچوں کی دیکھ بھال کی وجہ سے بھی ’پاکستان آئیڈل‘ کے لیے تیار نہیں تھیں تاہم بھائی اور شوہر نے انہیں آڈیشن کے لیے لاہور جانے پر راضی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھائی اور شوہر نے مجھ سے کہا کہ ’اگر تمہیں اپنا گھر لینا ہے تو تمہیں لاہور جانا ہی پڑے گا۔‘ جس کے بعد وہ اپنے اور بچوں کے مستقبل کی خاطر آڈیشن دینے کے لیے راضی ہوگئیں۔
حرا قیصر کا کہنا تھا کہ جب وہ بھائی اور شوہر کے ہمراہ آڈیشن دینے صبح 6 بجے لاہور پہنچیں تو انہیں شدید گرمی اور بھیڑ میں شام 4 بجے تک قطار میں انتظار کرنا پڑا۔ بالاخر وہ سلیکٹ ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے شیر خوار بچے کے ہمراہ کئی سفر کیے۔
حرا کی کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے شوہر کے کردار کو بھی خوب سراہا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کامیابی ہماری مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ میں اتنا خوش ہیں کہ میرے الفاظ ساتھ نہیں دے رہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہماری دعا ہے کہ یہ کامیابی ہمارے بچوں کا مستقبل بہتر بنائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ہر خواب کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان آئیڈل کا پہلا سیزن دسمبر 2013 میں شروع ہوا تھا جو اپریل 2014 تک جاری رہا۔ طویل تعطل کے بعد دوسرا سیزن اکتوبر 2025 میں شروع ہوا تھا جو 23 اگست 2026 تک جاری رہا۔ سیزن 2 کے ججز پینل میں فواد خان، راحت فتح علی خان، بلال مقصود اور زیب بنگش شامل تھے۔
کئی ماہ کے سخت مقابلوں اور آڈیشنز کے بعد ملک بھر سے 7 فائنلسٹ گرینڈ فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ جن میں حرا فیصل کے علاوہ ماہم طاہر، طراب نفیس، آریان نوید بھٹی، وقار حسین، سامعہ گوہر اور نبيل عباس خان شامل تھے۔
گرینڈ فائنل کے اس کانٹے دار مقابلے میں حرا قیصر نے تمام مدمقابل کھلاڑیوں کو ہرا کر سپر اسٹار کا خطاب اور 15 لاکھ روپے کا انعام اپنے نام کر لیا ہے جب کہ باقی تمام رنرز اپ کھلاڑیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے کے علاوہ شیلڈز سے نوازا گیا ہے۔
























