بولی ووڈ کی بے باک اور باصلاحیت اداکارہ تاپسی پنو نے اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب خود کو ایک ہی طرح کے کرداروں تک محدود نہیں رکھنا چاہتیں بلکہ ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جن سے ناظرین انہیں ایک نئے روپ میں دیکھ سکیں۔
بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں تاپسی پنو نے کہا کہ وہ اکثر فلم سازوں سے کہتی ہیں کہ انہیں ایسے کرداروں کے لیے کاسٹ نہ کیا جائے جن کا انجام ناظرین بہت آسانی سے پہلے ہی سمجھ لیں۔
ان کے مطابق ایک ہی طرح کے کردار بار بار ادا کرنے سے نہ صرف اداکار خود بور ہوجاتا ہے بلکہ ناظرین کے لیے بھی فلم کی دلچسپی کم ہوجاتی ہے۔
تاپسی نے فلم انڈسٹری کے روایتی طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل زیادہ تر لوگ اپنے کمفرٹ زون میں رہنا چاہتے ہیں اور وہی آزمائے ہوئے طریقے اختیار کرتے ہیں۔
اداکارہ کے مطابق فلم انڈسٹری میں اکثر اداکاراؤں کو مخصوص قسم کے کرداروں کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔ اگر کسی فلم میں گلیمرس کردار درکار ہو تو فلم سازوں کے پاس چند مخصوص اداکاراؤں کا انتخاب ہوتا ہے، جبکہ سنجیدہ یا سماجی مسائل پر مبنی فلموں کے لیے بھی اداکاراؤں کا ایک الگ سیٹ موجود ہوتا ہے۔
تاپسی کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کی وجہ سے کسی اداکار یا اداکارہ کے لیے اپنی روایتی شناخت سے باہر نکلنا مشکل ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اب ایسے کرداروں سے دور رہنے کی کوشش کرتی ہیں جنہیں دیکھ کر ناظرین پہلے ہی اندازہ لگا لیں کہ کہانی کس سمت جائے گی۔
انہوں نے کہا، ”میں فلم سازوں سے کہتی ہوں کہ مجھے اس فلم میں کاسٹ نہ کریں، یہ آپ کی فلم کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔ میں نے کچھ فلموں سے خود کو الگ کرلیا ہے۔“
تاپسی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں عام روایتی ہیروئن والے کردار زیادہ نہیں ملے۔ اسی وجہ سے انہوں نے مختلف اور مضبوط کرداروں کا انتخاب کیا، جو بعد میں ان کی شناخت بن گئے۔
اداکارہ کے بقول، ”میرے کیریئر کے شروع میں میرے پاس عام روایتی کرداروں کے زیادہ مواقع نہیں تھے، جو اداکاراؤں کے لیے کمائی کا بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ مجھے ایسے کردار نہیں ملے، اس لیے میں نے دوسرے قسم کے کردار کیے اور خوش قسمتی سے بعد میں وہ فلمیں اور کردار بھی مقبول ہوگئے۔“
سنجیدہ اور مشکل کرداروں کے لیے مشہور تاپسی اب صرف مسائل پر مبنی یا سنجیدہ فلموں تک محدود نہیں رہنا چاہتیں۔ وہ ہلکی پھلکی اور تفریحی فلموں میں بھی کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اس کی ایک مثال 2024 میں ریلیز ہونے والی مزاحیہ فلم ’کھیل کھیل میں‘ ہے، جس میں وہ متعدد معروف فنکاروں کے ساتھ نظر آئی تھیں۔
تاپسی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’گاندھاری‘ کے حوالے سے بھی خبروں میں ہیں۔ فلم میں وہ ’بانی‘ نامی ایک بہادر ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو اپنی اغوا ہونے والی بیٹی کو واپس لانے کے لیے خطرناک اور مسلسل تلاش شروع کرتی ہے۔
فلم ’گاندھاری‘ 3 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل تاپسی کا یہ بیان خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اداکارہ اب اپنی روایتی اسکرین امیج سے آگے بڑھ کر ناظرین کو اپنی اداکاری کے نئے رنگ دکھانا چاہتی ہیں۔
تاپسی پنو کے مطابق وہ مستقبل میں ایسے کرداروں کے ساتھ تجربات کرنا چاہتی ہیں جنہیں دیکھ کر ناظرین حیران ہوں اور انہیں اداکارہ کا ایک ایسا روپ نظر آئے جو اس سے پہلے انہوں نے نہیں دیکھا۔
























