باورچی خانے میں گیس جلانے کے لیے لائٹر تقریباً ہر گھر میں استعمال ہوتا ہے۔ نیا لائٹر شروع میں آسانی سے چولہا جلا دیتا ہے، لیکن کچھ دن بعد اس کی چنگاری کمزور پڑنے لگتی ہے۔ کئی بار لائٹر سے کلک کی آواز تو آتی ہے مگر آگ نہیں جلتی، جس کی وجہ سے چولہا جلانے میں مشکل پیش آتی ہے۔

ایسی صورت میں بہت سے لوگ لائٹر کو خراب سمجھ کر پھینک دیتے ہیں اور فوراً نیا خرید لیتے ہیں، حالانکہ بعض اوقات معمولی صفائی یا نمی ختم کرنے سے مسئلہ دور ہوسکتا ہے۔ تاہم اگر لائٹر ٹوٹا ہوا ہو یا اندر سے خراب ہو تو اسے استعمال کرنے کے بجائے تبدیل کرنا زیادہ محفوظ ہے۔

اگر لائٹر کی چنگاری کمزور ہوگئی ہے تو سب سے پہلے اس جگہ کو دیکھیں جہاں سے چنگاری نکلتی ہے۔ کئی بار وہاں گرد، دھول یا کچن میں استعمال ہونے والے تیل کی تہہ جم جاتی ہے، جس کی وجہ سے چنگاری صحیح طرح پیدا نہیں ہوتی۔ اس حصے کو نرم کپڑے، ایئر بڈ یا کسی باریک نرم برش سے احتیاط سے صاف کیا جاسکتا ہے۔

لائٹر صاف کرتے وقت احتیاط بہت ضروری ہے۔ اسے صاف کرنے کے لیے اسکریو ڈرایور، قینچی یا کسی دوسری دھات کی نوکیلی چیز استعمال نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس سے اسپارک پن خراب ہوسکتی ہے۔

بعض اوقات نمی بھی لائٹر کے صحیح کام نہ کرنے کی وجہ بن جاتی ہے۔ خاص طور پر بارش یا سرد موسم میں لائٹر کے اندر نمی جمع ہوسکتی ہے۔ ایسی صورت میں اسے کچھ وقت کے لیے خشک جگہ یا ہلکی دھوپ میں رکھ دینا چاہیے تاکہ اس کے اندر کا حصہ پوری طرح سوکھ جا ئے اور دوبارہ ٹھیک سے کام کرنے لگے۔

تاہم لائٹر کو جلدی خشک کرنے کے لیے اسے چولہے، آگ یا کسی گرم جگہ کے قریب رکھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔ گیس والے لائٹر کو براہِ راست گرمی دینے سے اس میں موجود گیس گرم ہو سکتی ہے اور حادثے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے اسے کبھی گیس کے چولہے پر رکھ کر گرم نہیں کرنا چاہیے۔

لائٹر میں اگر دبانے پر کلک کی آواز ٹھیک سے نہ آئے تو اس کی وجہ بھی گندگی یا تیل کا جم جانا ہو سکتا ہے جسے اچھی طرح صاف کر کے چیک کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی دیکھ لینا چاہیے کہ لائٹر کہیں سے ٹوٹا یا مڑا ہوا تو نہیں ہے کیونکہ اگر ایسا ہو تو پھر اسے بدل دینا ہی بہتر ہوتا ہے۔

خراب لائٹر کا مسلسل استعمال خطرناک ہوسکتا ہے، خاص طور پر اگر اس سے گیس خارج ہونے کا خدشہ ہو۔

اس سلسلے میں عمومی احتیاط یہی ہے کہ گیس والے آلات کو خود کھول کر مرمت کرنے کی کوشش نہ کی جائے، جب تک اس کام کا مناسب علم نہ ہو۔ معمولی خرابی کی صورت میں صفائی کی جاسکتی ہے، لیکن ٹوٹے یا خراب لائٹر کو تبدیل کرنا زیادہ محفوظ راستہ ہے۔

More

Comments
1000 characters