نامور بھارتی گلوکار بادشاہ اور پنجابی فلموں کی اداکارہ ایشا رِکھی نے شادی کے صرف 5 ماہ بعد ہی ایک دوسرے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان دونوں کی شادی رواں سال مارچ کے مہینے میں ایک چھوٹی سی اور نجی تقریب میں ہوئی تھی، جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور دوست شامل ہوئے تھے۔ شادی کے بعد سے ہی دونوں کی زندگی کے حوالے سے خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی تھیں۔
بادشاہ اور ایشا رِکھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک جیسے پیغامات شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ ہم نے باہمی رضامندی سے ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مشکل وقت میں سب سے درخواست ہے کہ وہ ہماری نجی زندگی کا احترام کریں۔

رپورٹس کے مطابق یہ دونوں پہلی بار 2021 میں ایک پارٹی میں اپنے مشترکہ دوستوں کے ذریعے ملے تھے۔ آہستہ آہستہ ان کی دوستی محبت میں بدل گئی اور انہوں نے کئی سال تک اپنے اس رشتے کو میڈیا اور دنیا کی نظروں سے بالکل چھپا کر رکھا۔
ان دونوں نے مارچ 2026 میں ایک روایتی اور نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ شادی کی تقریب کی کچھ تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں جب ایشا رِکھی کی والدہ پونم رِکھی نے ان کی کچھ تصاویر آن لائن شیئر کر دی تھیں۔
اس کے بعد رواں سال جولائی کے مہینے میں ایشا رِکھی نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے باضابطہ طور پر اپنی شادی کی تصدیق کی تھی اور ایشا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دونوں کی پہلی باضابطہ تصویر بھی شیئر کی تھی۔
شادی کے چند ماہ بعد ہی ان کے درمیان ان بن کی خبریں سامنے آنے لگیں جب ایشا رِکھی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ یہ لکھا ہوا تھا کہ ہر طوفان ایک سبق ہے اور ہر دعا ایک امید ہے۔
اس کے علاوہ ایشا کی والدہ نے بھی سوشل میڈیا پر کچھ ایسے پیغامات شیئر کیے جن سے لوگوں کو شک ہوا کہ دونوں کے تعلقات میں کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔
شادی کےٹھیک 5 ماہ بعد بادشاہ اور ایشا نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ہی جیسا بیان جاری کر کے ہمیشہ کے لیے الگ ہونے کا اعلان کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ بادشاہ کی دوسری شادی تھی، اس سے پہلے ان کی شادی 2012 میں جاسمین مسیح سے ہوئی تھی جن سے ان کی طلاق 2020 میں ہو گئی تھی۔ ان کی پہلی اہلیہ سے ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام جیسیمی گریس مسیح سنگھ ہے۔
























