مس ورلڈ یوگنڈا موہوزا ٹریویا ایلے نے مس ورلڈ کے اسٹیج پر ایک ایسا منفرد لباس پہن کر سب کی توجہ حاصل کرلی جو خواتین کے سیزیرین آپریشن (سیکشن-سی) کے تجربے سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔ یہ لباس 5 ستمبر کو ہونے والی مس ورلڈ کی فائنل تقریب سے قبل پیش کیا گیا۔ اس لباس کو دنیا بھر میں بہت پسند کیا جا رہا ہے اور یہ سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

یہ خاص گاؤن ڈیزائنر کیشا عبداللہ نے ورلڈ ڈیزائنر ایوارڈ کے لیے تیار کیا تھا۔ ڈیزائنر کے مطابق اس لباس کا خیال ان کے اپنے ماں بننے کے تجربے سے آیا۔ وہ چاہتی تھیں کہ بچے کی پیدائش کے دوران ماں جس جسمانی اور جذباتی مرحلے سے گزرتی ہے، اسے ایک خوبصورت فیشن ڈیزائن کے ذریعے دکھایا جائے تاکہ یہ بالکل نیا، اصلی اور گہرے جذبے سے بھرپور لگے۔

کیشا عبداللہ نے بتایا کہ ان کا مقصد ایسا لباس بنانا تھا جو ’’تازہ، منفرد اور بھرپور تخلیقی سوچ سے متاثر‘‘ ہو۔ گاؤن میں سیزیرین آپریشن کے دوران شامل ہونے والی سات تہوں کو مختلف رنگوں، کپڑے کی تہوں اور بناوٹ کے ذریعے ظاہر کیا گیا۔

یہ لباس اسٹریچ سیٹن اور کئی تہوں والے باریک جالی دار کپڑے سے تیار کیا گیا تھا۔ اس میں ایک کندھے والا فِٹڈ ڈیزائن، لمبا باریک جالی دار کپڑا اور نرم تہیں شامل تھیں۔ ڈیزائنر کے مطابق لباس کی یہ تہیں ماں کی جانب سے بچے کو ملنے والی حفاظت اور محبت کی علامت تھیں۔

گاؤن کے رنگ بھی خاص طور پر منتخب کیے گئے تھے۔ اس میں ہلکے آڑو، سنہری، کورل، سرخ، میرون اور برگنڈی رنگوں کا امتزاج استعمال کیا گیا ہے۔ ان رنگوں کو بچے کی پرورش سے لے کر پیدائش تک کے سفر کی علامت قرار دیا گیا۔ لباس کو موتیوں، شیشے کے بیڈز اور کرسٹل اسٹونز سے بھی سجایا گیا تھا۔

ڈیزائنر نے بتایا کہ لباس کو مکمل کرنے میں کافی وقت لگا۔ انہوں نے دبئی کے سپلائرز سے مختلف پتھر اور دیگر آرائشی سامان حاصل کیا اور پھر ہر تہہ پر مختلف چیزوں کو آزما کر دیکھا کہ کون سا ڈیزائن زیادہ خوبصورت لگتا ہے۔

مس ورلڈ کے اسٹیج پر اس لباس کی نمائش کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسے خوب پسند کیا۔ ایک صارف نے کیشا عبداللہ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’’یہ لباس ایک شاہکار ہے، آپ نے بچے کی پیدائش کی حقیقت کو جس خوبصورتی سے فن میں بدل دیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔‘‘

ایک اور صارف نے لکھا، ’’یہ کتنا شاندار فن ہے، اسے بنانے کے لیے بہت شکریہ۔ ہمیں ایسا لگتا ہے جیسے ہماری کہانی بھی دیکھی اور سمجھی گئی ہے۔‘‘

ایک صارف نے کہا کہ اسے لباس کی تہوں کے پیچھے موجود اصل کہانی معلوم ہونے سے پہلے بھی یہ خوبصورت لگا تھا، لیکن حقیقت جاننے کے بعد اسے یہ ڈیزائن مزید پسند آیا۔

ڈیزائنر کے مطابق اس لباس کا مقصد صرف خوبصورتی دکھانا نہیں بلکہ خواتین کی طاقت، ماں بننے کے تجربے اور زندگی کے معجزے کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ موہوزا ٹریویا ایلے نے مس ورلڈ کے اسٹیج پر یہ لباس پہن کر اسی پیغام کو نمایاں کیا۔

More

Comments
1000 characters