کھانا بنانا جتنا خوشگوار تجربہ ہوتا ہے، باورچی خانے کی صفائی اتنی ہی مشکل معلوم ہوتی ہے اور کچن کے تولیے اس کی سب سے بڑی مثال ہیں۔ کھانا پکانے کے دوران استعمال ہونے والے یہ تولیے اور کپڑے اکثر تیل، مصالحوں اور کھانے کے داغوں کی وجہ سے جلدی گندے اور بدبودار ہوجاتے ہیں۔ کئی بار عام صابن سے دھونے کے باوجود ان میں موجود چکنائی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتی کیونکہ تیل تولیے کے ریشوں کے اندر تک جذب ہو جاتا ہے۔
اگر کچن کے تولیوں کو صاف اور تازہ رکھنا چاہتے ہیں تو چند آسان گھریلو طریقے بہت مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان طریقوں سے نہ صرف ضدی چکنائی دور ہوگی بلکہ تولیے کی بدبو بھی ختم ہو جائے گی۔
ابلتے ہوئے پانی اور بیکنگ سوڈا کا استعمال
جب چکنائی تولیے کے ریشوں کے اندر تک بیٹھ جاتی ہے تو عام دھلائی ناکافی ثابت ہوتی ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک بڑے برتن میں پانی ابالیں اور اس میں دو چمچ بیکنگ سوڈا اور ایک کھانے کا چمچ ڈش واشنگ لیکوئڈ شامل کر دیں۔
ڈش واش لیکوئڈ تیل اور چکنائی کو توڑنے میں مدد کرتا ہے،جبکہ بیکنگ سوڈا تولیے کی ناگوار بدبو اور میل کو ختم کرتا ہے۔ اب ان گندے تولیوں کو اس ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پندرہ سے بیس منٹ تک پڑا رہنے دیں۔
اس عمل سے تولیوں کے اندر پھنسی ہوئی چکنائی اور میل کچیل باہر نکل جاتی ہے، جس کے بعد انہیں عام پانی سے دھو لیں۔ ایسا کرنے سے تولیے ہلکے پھلکے، مہکتے اور بالکل صاف ہو جاتے ہیں۔
سفید سرکہ اور گرم پانی
کچن کے تولیے دھوتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ فیبرک سافٹنر کا استعمال بالکل نہ کیا جائے۔ سافٹنر تولیے کے ریشوں پر ایک تہہ جما دیتا ہے جس کی وجہ سے تیل اور گندگی مزید اندر پھنس جاتی ہے اور تولیے کی پانی جذب کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو جاتی ہے۔ اس کے متبادل کے طور پر سفید سرکہ بہترین انتخاب ہے۔
تولیے دھوتے وقت پانی میں آدھا کپ سفید سرکہ ملا لیں، جو کچن کے کپڑوں کو جراثیم سے پاک کرنے اور چکنائی کاٹنے کے لیے نہایت مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ضدی تیل کے داغ ہٹانے کا طریقہ
اگر تولیوں پر پرانے اور گہرے تیل کے ضدی داغ موجود ہیں تو انہیں فوراً واشنگ مشین میں ڈالنے کے بجائے پہلے ان کے داغ ہٹائیں۔ اس سے داغ ہمیشہ کے لیے کپڑے پر پکے نہیں ہوتے۔ اس مقصد کے لیے صاف لیکویڈ ڈش واشنگ ڈٹرجنٹ کو براہ راست خشک تولیے پر لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے رگڑیں تاکہ تیل کا زور ٹوٹ جائے۔
اس صابن کو تولیے پر تقریباً آدھے گھنٹے کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر گرم پانی سے دھو لیں۔ اگر داغ پھر بھی نہ جائیں تو واشنگ سوڈا میں تھوڑا سا پانی ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ تیار کریں اور اسے داغ والی جگہ پر لگا دیں۔ کچھ دیر بعد دھونے سے تولیے کی تمام پرانی چکنائی اور گندگی آسانی سے صاف ہو جائے گی۔
کچن کے تولیوں کو صاف رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر
کچن کے تولیوں کو کئی دن تک بغیر دھوئے رکھنے سے ان میں جراثیم، بدبو اور چکنائی جمع ہونے لگتی ہے۔ بہتر ہے کہ انہیں باقاعدگی سے دھویا جائے اور زیادہ گندے تولیے الگ رکھے جائیں۔
تولیوں کو دھونے کے بعد اچھی طرح خشک کرنا بھی ضروری ہے کیونکہ نمی کی وجہ سے ان میں بدبو پیدا ہوسکتی ہے۔ اسی طرح کھانا پکانے کے دوران مختلف کاموں کے لیے الگ الگ کپڑے استعمال کرنے سے تولیے زیادہ دیر تک صاف رہ سکتے ہیں۔
گھریلو اشیا سے کیے گئے یہ آسان طریقے کچن کے گندے اور چکنائی والے تولیوں کو دوبارہ صاف، خوشبودار اور استعمال کے قابل بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
























