90 کی دہائی کی مشہور ماڈل اور اداکارہ جیا علی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور سے جڑے ایک پرانے اسکینڈل پر کھل کر بات کی ہے۔ جیا علی نے ایک پوڈکاسٹ میں اس معاملے کا ذکر کرتے ہوئے اپنے اُس وقت کے حالات اور اس تنازع پر اپنا مؤقف بیان کیا۔
جیا علی کے مطابق جب وہ صرف 18 سال کی تھیں تو انہوں نے معروف بیوٹیشن مسرت مصباح کے سیلون میں کام کیا۔ اسی دوران ان کے بارے میں یہ افواہ پھیل گئی کہ ان کے تعلقات مسرت مصباح کے اُس وقت کے شوہر عامر کے ساتھ تھے۔ اس وقت سامنے آنے والی ان باتوں کے بعد یہ معاملہ ایک بڑے اسکینڈل کی صورت اختیار کر گیا۔
جیا علی نے اس پرانے واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت وہ بہت کم عمر اور نادان تھیں۔ ان کے مطابق مسرت مصباح کی یہ دوسری شادی تھی اور ان کے شوہر عامر بھی سیلون سے وابستہ تھے۔ جیا علی کا کہنا تھا کہ عامر ان کے لیے بھائی جیسے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ مسرت مصباح کی ازدواجی زندگی پہلے ہی مشکلات کا شکار تھی اور وہ جیا علی کو بعض چیزوں سے منع کرتی تھیں۔ جیا علی کے مطابق، ”کم عمری اور نادانی کی وجہ سے میں ان باتوں کی گہرائی کو سمجھ نہیں سکی تھی۔“
جیا علی کا کہنا تھا کہ بعد میں مسرت مصباح اور ان کے شوہر کے درمیان طلاق ہوگئی اور چونکہ وہ اس وقت ایک کم عمر ماڈل تھیں، اس لیے اس معاملے میں ان کا نام بھی جوڑ دیا گیا۔ ان کے مطابق اس اسکینڈل کا اثر ان کے ابتدائی کیریئر پر بھی پڑا اور انہیں بعض جگہوں پر کام کرنے سے روک دیا گیا۔
تاہم جیا علی نے بتایا کہ انہوں نے ان مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور ماڈلنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ بعد میں انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا اور شوبز میں ایک کامیاب کیریئر بنانے میں کامیاب رہیں۔
جیا علی کے اس بیان کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے ان کے بیان پر تنقید کی، جبکہ بعض نے مسرت مصباح کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ”تم وہاں کام کرنے والی تھیں۔“ ایک اور صارف نے کہا، ”انہوں نے مسرت کا گھر اجاڑ دیا۔“ ایک اور شخص نے مسرت مصباح کے بارے میں لکھا، ”مسرت مصباح ایک فرشتہ ہیں، جنہوں نے کبھی کسی کے خلاف بری بات نہیں کی۔“

























