پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی عروسہ قریشی اور بلال قریشی کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ عروسہ قریشی کی جانب سے انسٹاگرام پر بے وفائی سے متعلق پیغامات شیئر کیے جانے کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں، جس پر مداح بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

عروسہ قریشی نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوریز پر ایسے پیغامات شیئر کیے جن میں بے وفائی کرنے والے مردوں اور ازدواجی رشتوں میں اعتماد کی اہمیت کا ذکر تھا۔

ایک پیغام میں کہا گیا کہ دھوکا دینا کوئی غلطی نہیں بلکہ ایک انتخاب ہے۔ دیگر پوسٹس میں ایسے مردوں پر تنقید کی گئی جو اپنی بیویوں کو اہمیت دینے کے بجائے دوسری خواتین کی تعریف کرتے ہیں، جبکہ ایک پیغام میں غلطی کرنے کے بعد بار بار معافی مانگنے کے رویے پر بھی بات کی گئی۔

ان پوسٹس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اندازے لگانا شروع کردیے کہ آیا ان پیغامات کا تعلق عروسہ قریشی کی اپنی ازدواجی زندگی سے ہے یا نہیں۔ تاہم، اداکارہ نے ان پیغامات میں بلال قریشی کا نام لے کر کوئی واضح الزام نہیں لگایا۔

علیحدگی کی افواہوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب عروسہ نے انسٹاگرام پر بلال قریشی کو اَن فالو کردیا۔ دوسری جانب، بلال قریشی اب بھی عروصہ کو فالو کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس تبدیلی کو بھی دونوں کے تعلقات میں ممکنہ کشیدگی سے جوڑا جا رہا ہے

عروسہ اور بلال قریشی کو شوبز کی پسندیدہ جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دونوں نے 14 فروری 2015 کو شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں، جن کے نام سُہان اور رومان ہیں۔ یہ خاندان اکثر سوشل میڈیا پر اپنی روزمرہ زندگی، خوشیوں اور تقریبات کی جھلکیاں شیئر کرتا رہا ہے۔

علیحدگی کی افواہوں پر مداحوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ خبریں درست ثابت نہ ہوں۔

بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ اس جوڑی کو ایک ساتھ دیکھنے کے عادی ہیں اور ان کے درمیان علیحدگی کی خبر سننا نہیں چاہتے۔

دوسری جانب، کچھ صارفین نے اس معاملے پر مختلف رائے بھی ظاہر کی۔

فی الحال عروسہ قریشی اور بلال قریشی کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔

More

Comments
1000 characters