دنیا کے ارب پتی سرمایہ کار وارن بفٹ اپنی سرمایہ کاری اور کاروباری فیصلوں کے ساتھ ساتھ اپنی منفرد عادات کی وجہ سے بھی اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔ ان کی ایک حیران کن عادت یہ ہے کہ وہ گزشتہ 48 سال سے سادہ پانی نہیں پی رہے بلکہ اپنی پیاس بجھانے کے لیے ایک خاص مشروب کو ترجیح دیتے ہیں۔
حال ہی میں ایک اور ارب پتی سرمایہ کار بل ایک مین نے پوڈکاسٹ ’ایکویٹی میٹس انویسٹنگ‘ میں وارن بفٹ کی اس دلچسپ عادت کا ذکر کیا۔ انہوں نے ایک پرانی ملاقات کا واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ وہ وارن بفٹ کے ساتھ کھانے کی میز پر موجود تھے، جہاں انہوں نے انہیں سادہ یا سلور واٹر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی پیشکش کی۔
تاہم وارن بفٹ نے دونوں قسم کے پانی سے انکار کرتے ہوئے سافٹ ڈرنک پینے کو ترجیح دی۔ بل ایک مین کے مطابق جب انہوں نے حیرت سے پوچھا کہ کیا وہ پانی بھی نہیں پیتے تو وارن بفٹ نے جواب دیا کہ انہوں نے گزشتہ 48 سال سے پانی نہیں پیا۔
رپورٹ کے مطابق 96 سالہ وارن بفٹ کو کوکا کولا کی چیری کوک بے حد پسند ہے۔ ان کی اس عادت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ جب بل ایک مین نے انہیں اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا تو انہوں نے خصوصی طور پر چیری کوک کا انتظام کیا تھا تاکہ مہمان کو ان کا پسندیدہ مشروب دستیاب ہو۔

برطانوی مصنف گلین آرنلڈ نے اپنی کتاب ’دی ڈیلز آف وارن بفٹ: دی میکنگ آف اے بلینیئر‘ میں بھی ان کی مشروبات سے متعلق عادات کا ذکر کیا ہے۔ کتاب کے مطابق وارن بفٹ روزانہ کوکا کولا کے تقریباً پانچ کین پیتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وارن بفٹ ہمیشہ سے کوکا کولا کے شوقین نہیں تھے۔ وہ تقریباً 50 سال تک پیپسی پیتے رہے، اسی وجہ سے ان کے بیٹے ہاورڈ انہیں بچپن میں ’پیپسی وارن‘ کہہ کر پکارتے تھے۔
ان کے بچپن کے ایک دوست جم راس نے سی این بی سی کو بتایا تھا کہ وہ بچپن میں ہاورڈ کے ساتھ تاش کھیلتے تھے اور اس دوران وارن بفٹ رات گئے غسل کے لباس میں نیچے آتے تھے، اس وقت وہ پیپسی پیا کرتے تھے۔
وارن بفٹ نے 1986 میں برکشائر ہیتھ وے کے سالانہ اجلاس کے دوران پیپسی سے اپنی کئی دہائیوں پرانی وابستگی ختم کرکے چیری کوک کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد یہ مشروب ان کی پہچان بن گیا۔
انہوں نے 2015 میں فارچیون میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی اس عادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ روزانہ 2700 کیلوریز حاصل کرتے ہیں تو ان میں سے تقریباً ایک چوتھائی کیلوریز کوکا کولا سے آتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ روزانہ کم از کم 12 اونس کے پانچ گلاس کوکا کولا پیتے ہیں۔
























