بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کی اداکارہ سمرین کور سے منگنی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد اب ان کی انگوٹھی کی قیمت بھی موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ نیوزی لینڈ میں ہونے والی اس تقریب میں ارشدیپ نے اپنی ہونے والی شریکِ حیات کو معروف لگژری برانڈ ”ٹفنی“ کی قیمتی انگوٹھی پہنائی، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 61 لاکھ 75 ہزار روپے سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق ارشدیپ سنگھ نے 11 نومبر 2026 کو نیوزی لینڈ میں سمرین کور کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ دونوں نے اسی روز انسٹاگرام پر اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے خوبصورت تصاویر شیئر کیں، جن میں اس خاص لمحے کی جھلکیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
تاہم ان تصاویر میں جہاں جوڑے کی خوشی نے مداحوں کی توجہ حاصل کی، وہیں سمرین کور کی انگلی میں موجود انگوٹھی بھی خاصی نمایاں رہی۔
مشہور جیولری ماہر اور انسٹاگرام انفلوئنسر پریانشو گوئل نے اپنے اکاؤنٹ پر اس انگوٹھی کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔ ان کے مطابق یہ معروف برانڈ ٹفنی کی ’دی ٹفنی سیٹنگ، انگیجمنٹ رنگ اِن پلاٹینم‘ ہے، جس کی متعلقہ قیمت 59 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
یہ رقم تقریباً 55 لاکھ 44 ہزار بھارتی روپے بنتی ہے، جبکہ پاکستانی کرنسی میں ڈالرز کے حساب سے تقریباً ایک کروڑ 63 لاکھ روپے ہے۔
پریانشو گوئل نے جوڑے کی منگنی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نیوزی لینڈ میں خوبصورت انداز میں کی گئی شادی کی پیشکش سے لے کر 55 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ٹفنی انگوٹھی تک، ارشدیپ سنگھ اور سمرین کور کی منگنی کی تصاویر کسی یادگار لمحے سے کم نہیں۔
انہوں نے منگنی کے اعلان میں شامل چند ذاتی تفصیلات کی جانب بھی توجہ دلائی، جن میں دونوں کے ناموں کے ابتدائی حروف اور منگنی کی تاریخ 11 نومبر 2026 شامل ہیں۔
دونوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا کہ زندگی انہیں بہت کچھ دے سکتی تھی، لیکن وہ ایک دوسرے کو ملنے پر سب سے زیادہ خوش ہیں اور اب پوری زندگی ساتھ گزارنے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ ارشدیپ سنگھ اور سمرین کور نے رواں سال اپنے تعلقات کو منظر عام پر لایا تھا۔ آئی پی ایل 2026 کے دوران بھی سمرین کو ارشدیپ کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ منگنی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ارشدیپ سنگھ کی آئی پی ایل 2027 کے لیے پنجاب کنگز سے ممبئی انڈینز میں منتقلی کی تصدیق بھی ہوئی۔ رپورٹس کے مطابق ممبئی انڈینز کے ساتھ ان کا معاہدہ 18 کروڑ بھارتی روپے کا ہے۔
یوں ارشدیپ سنگھ ذاتی اور پیشہ ورانہ دونوں حوالوں سے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، ایک طرف زندگی کی نئی شروعات ہیں تو دوسری جانب کرکٹ کی دنیا میں بھی ایک نئی ٹیم کے ساتھ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
























