پاکستانی شوبز کی مقبول جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ کو پاکستانی ڈراموں، فنون اور ثقافت کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
یہ اعزازی تقریب لندن کے ویسٹ منسٹر میں واقع ہاؤسز آف پارلیمنٹ میں منعقد ہوئی، جس کا انعقاد برطانوی پاکستانی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی خصوصی دعوت پر آرٹس پروموٹر عطا حق نے کیا تھا۔ تقریب میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ سمیت پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں دونوں فنکاروں کو ملکی تفریحی صنعت میں نمایاں کردار ادا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے اعتراف میں سراہا گیا۔
تقریب کے دوران رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فنون لطیفہ، فلم اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایمن خان اور منیب بٹ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
انہوں نے بریڈفورڈ ویسٹ کے حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں اداکاروں کو تعریفی اسناد بھی دیں اور اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی سرگرمیاں برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری نژاد افراد کے باہمی روابط کو مستحکم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
اس موقع پر اداکار منیب بٹ نے برطانوی پارلیمنٹ میں ملنے والی عزت اور پذیرائی کو اپنے لیے ایک ناقابل فراموش اور متاثر کن تجربہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے نے انہیں سیاست کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے سوچنے پر بھی آمادہ کیا ہے۔
انہوں نے برطانیہ میں ملنے والی محبت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں اب عالمی سطح پر اپنی منفرد شناخت بنا چکی ہیں اور دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اپنے ملک کے تفریحی مواد کو بے حد پسند کرتے ہیں، جس سے پاکستانی ثقافت کو دنیا بھر میں فروغ مل رہا ہے۔
دوسری جانب اداکارہ ایمن خان نے اس اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خود کو خوش نصیب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دونوں ممالک کے مداح انہیں بے پناہ پیار دیتے ہیں اور یقیناً وطن میں موجود ان کے چاہنے والے بھی اس کامیابی پر بے حد خوش ہوں گے۔
گفتگو کے دوران ایمن خان نے پاکستان بالخصوص کراچی اور لاہور سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور کراچی کے حالات بھی پرامن ہیں۔
ان کے مطابق کراچی میں ان کا تجربہ ہمیشہ شاندار رہا ہے اور وہ خود کو وہاں اتنا ہی محفوظ اور آزاد محسوس کرتی ہیں جتنا لندن، لاہور یا اسلام آباد میں کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا منفی تاثر حقیقت کے برعکس ہے، ملکی ادارے اور حکومت بہتر انداز میں کام کر رہے ہیں اور خواتین کو مزید بااختیار بنانے سے حالات میں مزید نکھار آئے گا۔
تقریب کے روح رواں عطا حق نے اس موقع پر واضح کیا کہ اس انعقاد کا اصل مقصد ان پاکستانی فنکاروں کی محنت اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے عالمی افق پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری کو ایک نیا مقام دلایا ہے۔
























