میکسیکو میں امریکی سرحد کے قریب آسمان پر پرواز کرتے ایک پراسرار پرندے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جنہوں نے اس کی حقیقت سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے مطابق یہ ویڈیوز میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز کے قریب بنائی گئی ہیں۔ ایک ویڈیو میں رات کے وقت سی سی ٹی وی کیمرے میں سیاہ رنگ کی ایک مخلوق فضا میں پرواز کرتی دکھائی دیتی ہے، جس کے بڑے پر اور سر کے پچھلے حصے میں ابھری ہوئی ساخت نمایاں ہے۔ دوسری ویڈیو میں اسی طرح کی مخلوق دن کے وقت عمارتوں کے اوپر سے گزرتی نظر آتی ہے۔

ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے کیے جانے لگے۔ بعض صارفین نے اسے کروڑوں سال پہلے معدوم ہونے والے اڑنے والے رینگنے والے جانور ’پٹیروڈیکٹائل‘ سے مشابہ قرار دیا، جب کہ کچھ لوگوں نے اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کردہ ویڈیو قرار دیا۔

میکسیکن یو ایف او محقق جائمے موسان نے 11 نومبر کو یہ ویڈیو ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ کیا وادی خواریز میں نظر آنے والی یہ مخلوق کسی دوسرے جہت کے راستے زمین پر پہنچی ہے؟

موسان نے اپنے ٹی وی پروگرام میں ایک ویڈیو دکھاتے ہوئے اس جانور کو ’پٹیرانوڈون‘ قرار دیا، جو ایک دیوہیکل اڑنے والا رینگنے والا جانور تھا اور تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال پہلے معدوم ہوگیا تھا۔

موسان نے ویڈیوز کو مستند قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان میں نظر آنے والے پس منظر میں امریکی ریاست ٹیکساس کے فرینکلن پہاڑ بھی دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ویڈیوز حقیقی مقام پر بنائی گئی ہیں، تاہم کسی مقام کی شناخت سے ویڈیو میں نظر آنے والی مخلوق کی حقیقت ثابت نہیں ہوتی۔

دوسری جانب مقامی حکام نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔ سیوداد خواریز کے محکمہ شہری تحفظ کے سربراہ سرجیو روڈریگز نے ویڈیوز کو محض ڈیجیٹل تفریح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے حقیقی ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔

انٹرنیٹ صارفین اور دیگر مبصرین نے بھی مختلف امکانات ظاہر کیے ہیں۔ بعض کے خیال میں یہ کوئی بڑا پرندہ، مثلاً نیل کنٹھ یا فریگیٹ برڈ ہوسکتا ہے، جو پرواز کے دوران غیر معمولی زاویے سے کیمرے میں ریکارڈ ہوا۔ کچھ لوگوں نے ویڈیوز کو اے آئی سے تیار کردہ قرار دیا ہے۔

تاحال ویڈیوز میں نظر آنے والی مخلوق کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ یہ کوئی غیر معمولی یا معدوم جانور ہے۔

More

Comments
1000 characters