نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ایک مشہور ریپر کے طور پر پہچانے جاتے تھے، جنہیں ان کے مداح ”ینگ کارڈامم“ (چھوٹی الائچی) اور بعد میں ”مسٹر کارڈامم“ کے نام سے جانتے تھے۔
ظہران ممدانی نے ابتدا میں بطور ”فورکلوژر پریونشن کاؤنسلر“ کام کیا، لیکن موسیقی ان کا جنون تھی۔ وہ راتوں کو ریپ گانے ریکارڈ کرتے، جن میں سب سے مشہور ان کا گانا ”نانی“ تھا، جو 2019 میں ریلیز ہوا۔
یہ گانا اپنی نانی کے نام ایک مزاحیہ خراجِ تحسین تھا، جس میں مشہور اداکارہ اور کُک بُک مصنفہ مدھور جعفری نے بھی کام کیا۔ گانے کے دلچسپ بول اور ویڈیو نے یوٹیوب پر دو لاکھ سے زیادہ ویوز حاصل کیے جبکہ اس کے 43 ہزار سے زائد اسٹریمز اسپاٹیفائی پر ریکارڈ کیے گئے۔
ظہران ممدانی کا تعلق ایک تعلیم یافتہ اور فنکار گھرانے سے ہے۔ ان کے والد محمود ممدانی معروف افریقی نژاد اسکالر ہیں جبکہ والدہ میرا نائر مشہور فلم ساز ہیں جنہوں نے ہالی ووڈ فلم “کوئین آف کٹوے” بنائی۔ اسی فلم کے لیے ظہران نے اپنے دوست عبدالحسین المعروف ایچ اے بی کے ساتھ ایک گانا “اسپائس نمبر 1” بھی لکھا، جس میں معروف اداکارہ لوپیٹا نیونگ’و نے بھی حصہ لیا۔
ظہران ممدانی کیوں جیتے؟ ٹرمپ نے دو وجوہات بتا دیں
ظہران کے ریپ گانوں میں افریقی اور جنوبی ایشیائی ثقافت کی جھلک نمایاں تھی۔ ان کے 2016 کے ایلبم “Sidda Mukyaalo” میں چھ زبانوں میں گانے شامل تھے، جو نوآبادیاتی معاشروں، رنگ و نسل کے امتیاز، اور شہری زندگی کی جدوجہد پر مبنی تھے۔ خود ظہران کا کہنا تھا کہ “میں گاؤں واپس نہیں جا سکتا، کیونکہ میں ایک ایشیائی یوگنڈن ہوں میرا گاؤں تو یہ شہر ہی ہے۔”
وقت گزرنے کے ساتھ موسیقی سے سیاست تک کا سفر طے کرنے والے ظہران نے نیویارک کے شہریوں میں اپنی عوام دوست پالیسیوں اور مزاحیہ مگر سنجیدہ اندازِ گفتگو سے جگہ بنائی۔ نیویارک کے میئر کے الیکشن میں انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کومو جیسے قد آور حریف کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔
ماں ہندو باپ مسلم، نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کون ہیں؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ حالیہ الیکشن مہم کے دوران ظہران ممدانی کے پرانے ریپ ویڈیوز دوبارہ وائرل ہو گئے، اور لوگوں نے انہیں ایک ایسے سیاستدان کے طور پر دیکھا جو عام شہریوں کی زبان میں بات کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کا یہ منفرد پس منظر ہی انہیں نیویارک کے ووٹرز میں مقبول بنانے کا اصل سبب بنا۔
یوں ایک وقت کا “بی لسٹ ریپر” آج نیویارک شہر کا میئر ہے اور شاید یہی ظہران ممدانی کی کہانی کا سب سے حسین موڑ ہے۔

























