بولی ووڈ کے مشہور سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے پرانے ہم شکل اور باڈی ڈبل پرویز قاضی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر ان کی مالی اور طبی معاونت کر کے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کا کتنا خیال رکھتے ہیں۔ پرویز قاضی کو رواں ماہ کے شروع میں گھر پر طبعیت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی دل کی ایک چھوٹی سی سرجری کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 اگست کو پرویز قاضی گھر پر موجود تھے جب انہیں طبیعت میں خرابی محسوس ہوئی۔ انہیں چیک اپ کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں مختلف ٹیسٹوں کے بعد انہیں داخل کرلیا گیا اور ان کا معمولی آپریشن کیا گیا۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے پرویز قاضی کے منیجر پیوش نے بتایا کہ پرویز کو کوئی دل کا دورہ نہیں پڑا تھا اور نہ ہی ان کی طبیعت کسی شوٹنگ کے دوران خراب ہوئی تھی۔ گھر پر طبعیت بگڑنے کے بعد وہ چیک اپ کے لیے گئے تھے جہاں ڈاکٹروں کے ٹیسٹ کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کر لیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جیسے ہی سلمان خان کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر معاملے کی ذمہ داری خود لے لی اور علاج کا تمام خرچ اٹھایا۔

منیجر نے بتایا کہ سلمان خان سر پرویز کو چھوٹے بھائی کی طرح مانتے ہیں اور انہوں نے فورا مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پرویز بالکل ٹھیک ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں چند دن آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد وہ دوبارہ اپنے کام پر واپس لوٹ آئیں گے۔

پرویز قاضی اور ان کی ٹیم اس مشکل وقت میں بروقت مدد کرنے پر سلمان خان کے انتہائی مشکور ہیں۔

پروویز قاضی پچھلے کئی سالوں سے سلمان خان کے ساتھ بطور باڈی ڈبل کام کر رہے ہیں اور انہوں نے پریم رتن دھن پايو، سلطان، ٹائگر زندہ ہے، ریس تھری، بھارت، دبنگ تھری جیسی بڑی فلموں میں سلمان خان کے ساتھ کام کیا ہے۔

سلمان خان کے ساتھ ان کی مشابہت اتنی زیادہ ہے کہ مداح ان کی تصاویر کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں۔ پرویز فلموں میں خطرناک مناظر اور دور کے شاٹس کے دوران سلمان خان کی جگہ کام کرتے ہیں۔

دوسری طرف سلمان خان آج کل ممبئی میں اپنی آنے والی نئی ایکشن فلم مانسٹر کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی ہدایت کاری وامشی پیڈیپلی کر رہے ہیں۔ اس فلم کے لیے فلم سٹی گوریگاؤں میں افغان گاؤں کا سیٹ بھی بنایا گیا ہے جہاں کورین ایکشن ٹیم کے ذریعے خطرناک اسٹنٹ ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔ یہ فلم اگلے سال عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

More

Comments
1000 characters