گھروں میں پراٹھے بناتے وقت اکثر باورچی خانے اور پھر پورے گھر میں دھواں بھر جاتا ہے۔ خاص طور پر جب ایک ساتھ کئی پراٹھے بنائے جائیں تو گرم توا، تیل یا گھی کی وجہ سے دھواں زیادہ ہونے لگتا ہے اور بعض اوقات یہ دھواں کچن سے نکل کر پورے گھر میں پھیل جاتا ہے۔ اس سے نہ صرف گھر میں بو اور گھٹن محسوس ہوتی ہے بلکہ دیواروں اور دوسری جگہوں پر چکنائی بھی جم سکتی ہے۔
ایسی صورت حال سے بچنے کے لیے کھانا بناتے وقت چند چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اگر پراٹھے بناتے وقت کچن میں دھواں زیادہ ہوتا ہے تو ان پانچ غلطیوں سے بچنا چاہیے۔
توا بہت زیادہ گرم نہ کریں
پراٹھا بنانے سے پہلے توے کو ضرورت سے زیادہ تیز آنچ پر گرم نہ کریں۔ توا جتنا زیادہ گرم ہوگا، دھواں اتنا ہی زیادہ نکلے گا۔
بہتر طریقہ یہ ہے کہ توا گرم ہونے کے بعد پراٹھا اس پر رکھیں اور آنچ درمیانی یا ہلکی رکھیں۔ پراٹھے کو کچھ دیر پکنے دیں، پھر گھی یا تیل لگائیں اور آنچ کو کم کر دیں۔ جتنا زیادہ توا گرم ہوگا، اتنا ہی دھواں پیدا ہونے کا امکان بڑھ جائے گا۔
گھی یا تیل براہ راست توے پر نہ ڈالیں
پراٹھا بناتے وقت ایک عام غلطی یہ بھی ہے کہ لوگ گھی یا تیل براہ راست گرم توے پر ڈال دیتے ہیں۔ گرم توے پر تیل یا گھی گرتے ہی دھواں زیادہ ہو سکتا ہے۔
اس کے بجائے پہلے پراٹھے کو ہلکی آنچ پر توے پر رکھیں اور اسے تھوڑا پکنے دیں۔ اس کے بعد پراٹھے کے اوپر گھی یا تیل لگائیں۔ اس طرح تیل براہ راست خالی گرم توے پر نہیں گرے گا اور دھواں بھی کم ہو سکتا ہے۔
چمچ کے بجائے برش استعمال کریں
پراٹھے پرگھی یا تیل لگانے کے لیے چمچ کے بجائے برش کا استعمال کریں تاکہ پورے پراٹھے پر تیل اچھی طرح لگ جائے اور اضافی تیل کم استعمال ہو۔
چمچ سے اکثر تیل زیادہ لگ جاتا ہے اور جب پراٹھا پلٹا جاتا ہے تو وہی فالتو تیل توے پر گر کر جلنے لگتا ہے، جس سے پورے کچن میں دھواں پھیلتا ہے۔ اس لیے ضرورت کے مطابق ہی گھی یا تیل لگانا بہتر ہے۔
توا صاف رکھیں
جب بھی پراٹھے بنانا شروع کریں، اس بات کی تسلی کر لیں کہ توا بالکل صاف ہو۔ اگر توے پر پہلے سے جلا ہوا آٹا، روٹی کے ٹکڑے یا کسی کھانے کے ذرات موجود ہوں تو گرم ہونے کے بعد یہ بھی جلنے لگتے ہیں۔ اس سے دھواں اور جلی ہوئی بو پیدا ہو سکتی ہے۔
اس لیے اگر پراٹھے بنانے سے پہلے اسی توے پر روٹی یا کوئی دوسری چیز بنائی گئی ہو تو توے کو اچھی طرح صاف کر لیں۔ صاف توے پر پراٹھے بنانے سے جلے ہوئے ذرات سے پیدا ہونے والے دھویں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
کچن میں ایگزاسٹ فین یا چمنی لگائیں
اگر گھر میں اکثر پراٹھے، روٹیاں یا دوسری چیزیں زیادہ مقدار میں بنائی جاتی ہیں تو کچن میں ایگزاسٹ فین یا چمنی لگانا مفید ہو سکتا ہے۔ مسلسل کئی پراٹھے بنانے کے دوران توے پر تھوڑا بہت تیل گرنے سے دھواں پیدا ہونا ممکن ہے۔
ایسی صورت میں ایگزاسٹ فین یا چمنی دھویں کو کچن سے باہر نکالنے میں مدد دیتی ہے، جس سے دھواں پورے گھر میں پھیلنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ پراٹھے بناتے وقت تھوڑا بہت دھواں کبھی کبھار ہو سکتا ہے، لیکن اگر کچن میں بار بار یا بہت زیادہ دھواں بھر رہا ہو تو صرف کھانا پکانے کی تکنیک ہی نہیں بلکہ کچن کی ہوا کی نکاسی کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
ان نہایت آسان اور کارآمد مشوروں پر عمل کر کے کوئی بھی شخص اپنے گھر کو دھوئیں اور چپچپاہٹ سے بچا سکتا ہے اور بغیر کسی پریشانی کے گرما گرم پراٹھوں کا مزہ لے سکتا ہے۔
























