پاکستانی اداکارہ فریال گوہر کی جانب سے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کے حوالے سے کی جانے والی حالیہ گفتگو کے بعد ان کے سابق شوہر اور اداکار جمال شاہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔ جمال شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے آج تک کسی انٹرویو میں فریال گوہر کے بارے میں برا نہیں کہا اور آئندہ بھی ان کے خلاف کوئی نامناسب بات نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ فریال گوہر نے اپنی حالیہ گفتگو میں شادی کے دوران پیش آنے والے مبینہ گھریلو تشدد کے بارے میں تفصیل سے بات کی تھی۔
اداکارہ کے مطابق وہ ایک مشکل ازدواجی زندگی سے گزریں اور اس دوران انہیں کئی تکلیف دہ حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں اس معاملے پر بحث شروع ہوگئی تھی۔
فریال گوہر کی گفتگو کے بعد اب جمال شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی فریال گوہر کے بارے میں برا نہیں بولا اور ان کے دل میں اپنی سابقہ اہلیہ کے لیے کوئی تلخی نہیں ہے۔
جمال شاہ نے بتایا کہ ان کی اور فریال گوہر کی شادی پانچ سال تک قائم رہی۔ ان کے مطابق دونوں نے ایک دوسرے سے ’بہت مہذب انداز میں‘ علیحدگی اختیار کی اور طویل عرصے تک ان کی طلاق کا میڈیا میں کوئی ذکر نہیں ہوا۔
اپنے بیان میں جمال شاہ نے کہا، ’میری دعائیں آج بھی ان کے ساتھ ہیں، اللہ انہیں ان کے خاندان کے ساتھ خوش رکھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ ندا یاسر ان کے لیے بیٹی جیسی ہیں۔ جمال شاہ کے مطابق ندا یاسر نے جب انہیں اپنے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی تو ابتدا میں انہیں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ فریال گوہر بھی پروگرام میں موجود ہوں گی۔ بعد میں جب انہیں اس بارے میں بتایا گیا تو انکار کرنا انہیں مناسب نہیں لگا۔
جمال شاہ نے کہا کہ وہ ندا یاسر کے پروگرام میں کافی محتاط رہے۔ ان کے مطابق بعد میں ایک ٹی وی چینل نے ان کی اور فریال گوہر کی زندگی پر ڈراما بنانے کے لیے ان سے اجازت مانگی، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ اسکرپٹ دیکھنے کے بعد جواب دیں گے۔
جمال شاہ کا کہنا ہے کہ اب انہوں نے اس منصوبے سے مکمل طور پر انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی وہ مختلف چینلز کے کئی نامناسب اسکرپٹس مسترد کرچکے ہیں اور اب مذکورہ چینل پر دوبارہ آنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
اپنی موجودہ زندگی کے بارے میں جمال شاہ نے کہا کہ وہ اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ سادہ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی اہلیہ کو ایک ’انتہائی قابل اور متوازن‘ شخصیت قرار دیا۔
سابق اہلیہ کے بارے میں اپنے حتمی مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے جمال شاہ نے کہا، ’آپ کو حالیہ میڈیا بیانات کے بارے میں جو رائے قائم کرنی ہے، آپ کو اس کا پورا حق ہے، لیکن میری زبان سے فریال کے بارے میں کبھی ایک غلط لفظ نہیں نکلے گا۔‘
جمال شاہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے ان کے تحمل اور سابق اہلیہ کے بارے میں احترام سے بات کرنے کو سراہا، جبکہ بعض صارفین نے فریال گوہر کی جانب سے حالیہ گفتگو میں سامنے آنے والے الزامات پر بھی بحث کی اور جمال شاہ سے ان کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔
























