دفتر میں یہ 5 کام ہرگز نہ کریں
آفس میں کام کرتے ہوئے کچھ ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جن کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ بعض اوقات انسان سوچتا ہے کہ اس سے کیا فرق پڑتا ہے لیکن اگر انہیں بار بار دہرایا جائے تو ساتھی ملازمین کے لیے پریشانی اور بے آرامی کا سبب بن سکتی ہیں۔
ہر دفتر کے کچھ غیر تحریری اصول ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا کام کے ماحول کو بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ آفس کو سب کے لیے پرامن اور بہتر جگہ بنانے کے لیے کچھ باتوں پر عمل کرنا چاہیے۔
کسی ساتھی کی غلطی سب کے سامنے نہ اچھالیں
پہلی بات یہ ہے کہ اگر کسی ساتھی سے کوئی غلطی ہو جائے تو اس کا ڈھنڈورا نہ پیٹیں۔ ہر انسان سے غلطی ہو جاتی ہے۔ اگر کسی سے کوئی بھول ہو جائے تو سب کے سامنے اس کا مذاق اڑانے یا بات پھیلانے کے بجائے اس سے اکیلے میں بات کریں اور مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں۔
توجہ اس بات پر رکھیں کہ غلطی کیسے درست کی جا سکتی ہے۔ کسی کی غلطی کو دفتر کی خبر بنا دینا نہ مسئلہ حل کرتا ہے اور نہ ہی کام کا ماحول بہتر بناتا ہے۔
بغیر اجازت کسی کی اسکرین نہ دیکھیں
چلتے ہوئے کسی ساتھی کے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین پر ایک نظر ڈالنا معمولی بات محسوس ہو سکتی ہے، لیکن اس میں دوسروں کی پرائیویسی متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے وہ کوئی ذاتی بات یا ایسا کام دیکھ رہا ہو جو کسی اور کے ساتھ شیئر نہ کرنا ہو۔ اس لیے دوسروں کے کام اور جگہ کا احترام کریں۔
دفتر میں ہر کسی کی باتیں آگے نہ پھیلائیں
آفس میں چغل خوری اور افواہوں سے دور رہیں۔ دوپہر کے کھانے کے وقت یا باتوں باتوں میں کسی کے رشتے، تنخواہ، کام کی کارکردگی یا ملازمت چھوڑنے کے منصوبے سے متعلق افواہیں پھیلانا بظاہر معمولی گفتگو لگ سکتی ہے، لیکن ایسی باتیں اکثر ایک شخص تک محدود نہیں رہتیں اور نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ جو بات آپ کی نہیں ہے اسے آگے بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں۔
مشترکہ جگہوں کو ذاتی جگہ نہ سمجھیں
آفس کی مشترکہ جگہوں کو اپنی ملکیت نہ سمجھیں۔ کچن، میٹنگ روم اور بیٹھنے کی جگہ سب کے لیے ہوتی ہے۔ استعمال کے بعد گندے برتن وہیں چھوڑ دینا، اپنا سامان سارا دن میز پر پھیلائے رکھنا یا ضرورت پوری ہونے کے بعد بھی میٹنگ روم پر قبضہ کیے رکھنا دوسروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔
اپنا کام ختم کرنے کے بعد صفائی کا خیال رکھیں تاکہ دوسرے بھی اسے استعمال کر سکیں۔ چھوٹی سی احتیاط دفتر میں سب کے لیے آسانی پیدا کر سکتی ہے۔
ہر کام کے لیے ساتھیوں کو بار بار نہ روکیں
ہر وقت اپنے ساتھیوں کو کام کے دوران تنگ نہ کریں۔ قریب بیٹھا ہوا ساتھی ہر وقت بات کرنے یا سوال کا جواب دینے کے لیے فارغ نہیں ہوتا۔
بار بار ڈیسک پر جا کر بات کرنا، مسلسل پیغامات بھیجنا یا فوری جواب کی توقع کرنا اس کے کام میں خلل ڈال سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے وہ اپنا کوئی ضروری کام کر رہا ہو یا کسی ڈیڈ لائن کے تحت پریشان ہو۔ کسی سے کچھ پوچھنے سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ آیا وہ بات اتنی ضروری ہے یا کچھ دیر بعد بھی ہو سکتی ہے۔
دفتر میں اچھا ماحول برقرار رکھنے کے لیے ہر وقت بہت زیادہ رسمی ہونے کی ضرورت نہیں۔ بنیادی بات یہ ہے کہ ساتھیوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے، اپنے استعمال کے بعد مشترکہ جگہ صاف رکھی جائے، دوسروں کے بارے میں غیر ضروری باتیں نہ پھیلائی جائیں اور انہیں سکون سے کام کرنے کی جگہ دی جائے۔
بظاہر معمولی عادتیں جب روزانہ دہرائی جاتی ہیں تو دفتر کے ماحول پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ اس لیے دوسروں کے وقت، کام اور ذاتی حدود کا خیال رکھنا پیشہ ورانہ رویے کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔
























