بولی ووڈ اداکار گووندا نے ممبئی کے مشہور لال باغچہ راجا پنڈال میں اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ حاضری سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں پر اپنا مؤقف بیان کردیا ہے۔

حال ہی میں گووندا جب کومل رانی کے ساتھ پنڈال میں نظر آئے تو سوشل میڈیا اور میڈیا میں دونوں کے تعلقات کو لے کر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ اس تمام صورتحال پر اداکار نے اپنے غصے اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو میں گووندا نے کہا کہ لال باغچہ راجا کے درشن کا مقصد کسی قسم کی تشہیر نہیں بلکہ اپنی فلم ’روپا‘ کے لیے دعائیں کرنا تھا۔ فلم میں کومل رانی ان کے ساتھ اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

گووندا نے کہا، ’لوگ ایسے ردعمل دے رہے ہیں جیسے پتا نہیں کیا ہوگیا ہے۔ میں ’روپا‘ فلم کے لیے دعا کر رہا تھا۔ اس سے پہلے بھی میں کرشمہ کپور کے ساتھ یہاں گیا تھا اور وہ میرے لیے اچھا شگون ثابت ہوا تھا، ہماری فلمیں کامیاب ہوئی تھیں۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’میں روینہ ٹنڈن کے ساتھ بھی مندروں میں گیا ہوں اور ہماری فلم کامیاب ہوئی تھی۔ اس بار میں رانی کے ساتھ گیا ہوں اور صرف دعائیں اور آشیرواد لینے کے لیے وہاں گیا تھا۔‘

کومل رانی کے ساتھ گووندا کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد ان دونوں کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ گووندا نے ان تبصروں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم ابھی شروع ہی ہوئی ہے، لیکن اس کے بارے میں پہلے ہی بہت زیادہ گفتگو کی جا رہی ہے۔

اداکار نے کہا، ’پتا نہیں لوگوں کو کیا تکلیف ہے؟ فلم شروع ہو رہی ہے اور اس پر اتنی بحث کیسے شروع ہوگئی؟ ہم مشہور ہو رہے ہیں تو آپ کو کیا تکلیف ہے؟‘

گووندا کے مطابق ’روپا‘ ان کی اور کومل رانی کی پیشہ ورانہ وابستگی ہے اور لال باغچہ راجا کی حاضری بھی اسی فلم کے لیے دعاؤں سے متعلق تھی۔

گووندا اور کومل رانی کی ایک ساتھ عوامی مقام پر موجودگی نے اس وقت زیادہ توجہ حاصل کی جب دونوں کو لال باغچہ راجہ کے پنڈال میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ چونکہ دونوں آنے والی فلم ’روپا‘ میں ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، اس لیے ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں۔

دوسری جانب گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے ایک حالیہ بیان نے بھی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی۔ انہیں ممبئی ایئرپورٹ پر اپنے پالتو کتے کے ساتھ دیکھا گیا، جہاں پاپارازی سے گفتگو کے دوران انہوں نے انسانی رشتوں کے بارے میں ایک تبصرہ کیا۔

سنیتا آہوجا نے کہا، ’انسانوں کو جتنا بھی پیار دو، فائدہ نہیں ہے، دھوکا ہی دیتے ہیں۔ ان جانوروں کو پیار کرو، یہ ہمیشہ آپ کے ساتھ چپکے رہتے ہیں۔ انسانوں سے اچھے تو جانور ہوتے ہیں۔‘

More

Comments
1000 characters