بولی ووڈ اداکاروں کی بے رخی: مشتاق خان کی آخری رسومات میں بڑے ستارے کیوں نہیں آئے؟
بولی ووڈ اداکار رضا مراد نے ساتھی اداکار مشاق خان کی آخری رسومات میں فلم انڈسٹری کے بڑے ستاروں کی عدم موجودگی پر شدید برہمی اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مشاق خان 24 ستمبر کو کینسر کے باعث 56 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی آخری رسومات 25 ستمبر کو ادا کی گئیں، جہاں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی چند شخصیات نے شرکت کی لیکن بولی ووڈ کے صفِ اول کے ستارے غائب رہے۔
رضا مراد نے ہفتے کی صبح اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مشاق خان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس بھی ظاہر کیا کہ بولی ووڈ کے بڑے ستارے مشاق خان کو آخری سلام پیش کرنے کے لیے ان کی آخری رسومات میں موجود نہیں تھے۔
رضا مراد نے کہا، ’’افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی اسٹار انہیں اپنا آخری سلام پیش کرنے نہیں آیا۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے کہا، ’’کوئی بڑا چہرہ نہیں آیا۔‘‘
انہوں نے کسی مخصوص اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگ مشاق خان کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے کم از کم کچھ وقت نکال سکتے تھے۔
رضا مراد نے مشاق خان کے فلمی سفر اور ان کی محنت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشاق خان نے کسی کی خوشامد یا چاپلوسی کے ذریعے مقام حاصل نہیں کیا بلکہ اپنے کام کی بنیاد پر فلم انڈسٹری میں جگہ بنائی۔
رضا مراد نے اس موقع پر یہ حقیقت بھی یاد دلائی کہ دولت اور شہرت ہمیشہ قائم نہیں رہتیں، اس لیے انسان کو اپنی کامیابی کے باوجود عاجزی اختیار کرنی چاہیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشاق خان کا چند روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 24 ستمبر کو انتقال ہوا۔ اداکار کو پہلے پھیپھڑوں کا کینسر تشخیص ہوا تھا اور علاج کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے، تاہم رواں ماہ کینسر دوبارہ سامنے آیا اور ان کی حالت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
مشاق خان نے ’ویلکم‘، ’غدر‘ اور ’ہیرا پھیری‘ سمیت متعدد فلموں میں کام کیا اور معاون کرداروں کے ذریعے اپنی الگ پہچان بنائی۔
مشاق خان کی آخری رسومات میں اداکار انو کپور، گجیندر چوہان اور راجپال یادیو سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ انو کپور نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ساتھی اداکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انو کپور نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً چھ ماہ قبل کانپور میں مشاق خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ ان کے مطابق اس وقت مشاق خان بظاہر خوش اور بالکل ٹھیک دکھائی دے رہے تھے۔
انو کپور نے کہا، ’اسی لیے مجھے اور بھی زیادہ دکھ ہے، کیونکہ تقریباً چھ ماہ پہلے ہم نے کانپور میں ساتھ کام کیا تھا۔ وہ بالکل خوش اور مطمئن نظر آ رہے تھے، یا شاید وہ اپنی بیماری چھپا رہے تھے۔ وہ بہت اچھے انسان اور اداکار تھے۔‘
























