دنیا بھر میں فاسٹ فوڈ کی سب سے بڑی کمپنی میکڈونلڈز نے بڑھتے ہوئے مقابلے اور گاہکوں کی کم ہوتی تعداد کا مقابلہ کرنے کے لیے اربوں ڈالر کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کمپنی 2036 تک آٹھ ارب پچاس کروڑ ڈالر کی بھاری رقم خرچ کرے گی، جس کا مقصد اپنے ریسٹورنٹس کی حالت بہتر بنانا، ملازمین کو جدید تربیت دینا اور مینیو میں اعلیٰ پروٹین والی نئی کھانے کی اشیاء شامل کرنا ہے۔
اس رقم میں سے پانچ ارب ڈالر اگلے ساڑھے تین سال کے دوران خرچ کیے جائیں گے تاکہ فرینچائز مالکان کو کرایے میں رعایت اور مالی مدد فراہم کی جا سکے۔
کمپنی کو یہ قدم اس وقت اٹھانا پڑا جب پچھلے مہینے ان کی فروخت میں 2025 کے بعد سب سے بڑی کمی دیکھی گئی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ رعایتیں دینے اور ناقص سروس کی وجہ سے گاہک ان سے دور ہوئے، جبکہ مدمقابل کمپنیوں جیسے برگر کنگ نے ان سے زیادہ بہتری دکھائی ہے۔

اس نئے منصوبے کو ’نیپکسٹ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ میکڈونلڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کرس کیمپچنسکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس نئی حکمتِ عملی کا مقصد میکڈونلڈز کو زیادہ سے زیادہ گاہکوں کی پہلی ترجیح بنانا ہے، جبکہ ہمارے ریسٹورنٹس کو مزید مضبوط اور چلانے میں آسان بنانا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تصاویر کے مطابق اب ریسٹورنٹس میں بیٹھنے کی بڑی جگہ، بچوں کے لیے کھلے پلے ایریا اور باورچی خانے میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس یعنی اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ آرڈر تیزی سے تیار ہو سکیں۔

اس کے علاوہ صحت بخش غذا اور پروٹین کی خواہش رکھنے والے 60 ملین سے زائد افراد کے لیے برگر باؤل، چکن باؤل اور گرلڈ چکن سے بنی اشیاء مینو میں شامل کی جا رہی ہیں۔
میکڈونلڈز یو ایس اے کی صدر اسکائی اینڈرسن نے سرمایہ کاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گاہک زیادہ پروٹین اور ایسا کھانا چاہتے ہیں جس سے وہ پیٹ بھر کر مطمئن محسوس کریں اور ان پر بوجھ بھی نہ پڑے۔
صرف عمارتیں اور مینیو ہی نہیں بلکہ کمپنی اپنے بیس لاکھ سے زائد ملازمین کی تربیت کے لیے پانچ اکتوبر سے ایک نیا پروگرام بھی شروع کرنے جا رہی ہے۔

کمپنی کے حکام نے اعتراف کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ گاہکوں کو اچھی سروس دینا انتہائی ضروری ہو گیا ہے۔
اسکائی اینڈرسن نے مزید کہا کہ اگرچہ گاہک ہماری بہت سی چیزیں پسند کرتے ہیں، لیکن جب بہترین اور یکساں سروس فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو ہم کہیں نہ کہیں پیچھے رہ رہے ہیں، جسے اب فوراً ٹھیک کیا جائے گا۔
























