پاکستانی اداکار اور گلوکار اذان سمیع خان اور نوجوان اداکارہ عینا آصف پہلی بار ایک ڈرامے میں ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں، تاہم ابھی ڈرامہ نشر بھی نہیں ہوا کہ دونوں کی جوڑی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

اذان سمیع خان نے اپنے اداکاری کے سفر میں کئی اچھے کردار ادا کیے ہیں اور متنازع ڈرامے میں ان کے منفی کردار کو بھی ناظرین کی طرف سے کافی سراہا گیا تھا۔

دوسری جانب عیناآصف آج کی نوجوان نسل کی ایک مقبول اداکارہ ہیں جن کے ڈرامے اکثر سپر ہٹ ہوتے ہیں اور ان کے چاہنے والے ہمیشہ ان کے نئے پروجیکٹس کا انتظار کرتے ہیں۔

اب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان دونوں فنکاروں کو پہلی بار بابر جاوید پروڈکشنز کے نئے ڈرامے ’عشق میں تیرے‘ میں ایک ساتھ اسکرین پر لایا جا رہا ہے جس کی ہدایات محسن مرزا دے رہے ہیں۔ اس ٹیم کا مقصد ناظرین کے لیے ایک بالکل نئی جوڑی کو متعارف کرانا ہے لیکن اس کاسٹنگ کے اعلان کے بعد سے مداحوں میں کچھ تحفظات پائے جاتے ہیں۔

تاہم دونوں کی پہلی بار ایک ساتھ کاسٹنگ سامنے آنے کے بعد کچھ مداح اس جوڑی سے زیادہ متاثر دکھائی نہیں دیے۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے دونوں کی عمر اور ظاہری جوڑی کو لے کر تبصرے کیے۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ شاید یہ دونوں بھائی بہن کا کردار ادا کر رہے ہوں گے۔ ایک اور مداح کا کہنا تھا کہ اگرچہ اذان بہت زیادہ بڑے نہیں ہیں پھر بھی ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر عجیب لگتا ہے۔

کچھ لوگوں نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ اسکرین پر یہ دونوں جوڑے کے بجائے باپ اور بیٹی کی طرح دکھائی دیں گے۔

واضح رہے کہ شوبز انڈسٹری میں نئے اداکاروں کی جوڑیاں بنانا ایک عام بات ہے لیکن ناظرین اکثر اسکرین پر اداکاروں کی عمر اور ان کی کیمسٹری کو بہت غور سے دیکھتے ہیں۔ اس نئے ڈرامے کے حوالے سے مداحوں کی جانب سے تنقید کا یہ سلسلہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے تاہم ڈرامے کی حتمی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ اس کے آن ائیر ہونے کے بعد ہی ہوگا۔

ڈرامے کی کہانی یا کرداروں کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

More

Comments
1000 characters