بالی وڈ کے مشہور اداکار سلمان خان اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ مداحوں سے محبت، ان کا خیال کرنے اور اس کے ساتھ ہی کبھی کبھار اپنے غصے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔ اس کا ایک عملی ثبوت ممبئی میں دیکھنے میں آیا۔ گنپتی تہوار کی تقریبات کے دوران جب ان کی گاڑی کے پہیے کے نیچے مبینہ طور پر ایک مداح کا پاؤں آ گیا تو سلمان خان اپنے ہی ڈرائیور پر شدید برہم ہو گئے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلمان خان ممبئی میں مہاراشٹر کے وزیر آشیش شیلر کی رہائش گاہ پر بھگوان گنیش کی پوجا میں شرکت کے بعد واپس نکل رہے تھے۔ ان کی گاڑی کو مداحوں کے ایک بہت بڑے ہجوم نے گھیر لیا تھا اور ہر کوئی اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھا۔ اس افراتفری میں گاڑی کے گزرنے کا راستہ انتہائی کم رہ گیا تھا اور ان کے سیکیورٹی اہلکار بھی اس بے قابو بھیڑ کو سنبھالنے میں مشکل محسوس کر رہے تھے۔ اسی دوران جب ڈرائیور نے گاڑی کو ہجوم سے نکالنے کی کوشش کی تو ایک مداح کا پاؤں گاڑی کے ٹائر کے نیچے آ گیا۔ درد سے کراہتے مداح کو دیکھ کر آس پاس کھڑے لوگوں نے ڈرائیور کو فوراً گاڑی پیچھے کرنے کا کہا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس واقعے کی ایک دوسری ویڈیو میں سلمان خان ڈرائیور پر غصہ کرتے اور اسے ڈانٹتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

وہ ڈرائیور کو گاڑی ہجوم سے دور لے جانے کی ہدایت بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں لیکن واقعے کے دوران سلمان خان کا رویہ اس وقت مزید سخت نظر آیا جب انہیں معلوم ہوا کہ مداح کو ان کی گاڑی سے چوٹ لگی ہے۔

سلمان خان کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا صارفین کی آرا مختلف رہیں۔ کچھ لوگوں نے ابتدائی طور پر اداکار کے ڈرائیور کے ساتھ سخت رویے پر تنقید کی، تاہم مکمل ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ سلمان نے مداح کو نقصان پہنچنے پر صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی۔

تاہم جب واقعے کی مکمل ویڈیو سامنے آئی تو بہت سے لوگوں نے سلمان خان کی تعریف بھی کی۔ ایک مداح نے سوشل میڈیا پر وہ الفاظ بھی شیئر کیے جو سلمان خان نے ڈرائیور سے کہے تھے۔ انہوں نے ڈرائیور سے کہا تھا کہ دھیان سے، کیا کر رہے ہو۔ انہوں نے ڈرائیور کو گاڑی سے اتر کر مداح سے معافی مانگنے کا بھی حکم دیا۔ وہاں موجود افراد کا کہنا تھا کہ سلمان خان واقعی اپنے مداحوں کا بہت خیال رکھتے ہیں اور وہ بغیر وجہ کسی پر غصہ نہیں کرتے۔

گنیش کی تقریبات کے سلسلے میں سلمان خان اس سے قبل اپنے بھائی سہیل خان کی رہائش گاہ پر بھی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اپنے بہن بھائیوں اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ روایتی آرتی میں شرکت کی۔ بعد ازاں گنیش کی مورتی کی وسرجن کی رسم بھی ادا کی گئی۔

دوسری جانب فلمی مصروفیات کی بات کی جائے تو سلمان خان جلد ہی فلم ’ماتروبھومی، مے وار ریسٹ اِن پیس‘ میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ وہ ایک اور ایکشن تھرلر فلم پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں ان کے ساتھ مشہور اداکارہ نیانتھرا مرکزی کردار ادا کریں گی۔

More

Comments
1000 characters